خیبرپختونخوا کے درالحکومت پشاور میں بار بار منع کرنے کے باوجود سیاسی سرگرمیوں سے باز نہ آنے پر باپ کی مبینہ فائرنگ سے جوان بیٹا جاں بحق ہو گیا۔
پشاور پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ بڈھ بیر کی حدود میں پیش آیا جس کی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ مقتول کے بھائی نے پولیس کو رپورٹ کی اور ایف آئی آر درج کے لیے درخواست دی ہے۔
مزید پڑھیں
پولیس کے مطابق مقتول قطر میں محنت مزدوری کرتا تھا اور کچھ ماہ پہلے واپس آیا تھا۔ اس کی سیاسی سرگرمیوں سے والد خوش نہیں تھے۔ ’ملزم بیٹے کو سیاست سے دور رہنے کی نصیحت کرتا تھا‘۔
پولیس نے بتایا کہ آج ایک بار پھر سیاست سے دور رہنے کی نصیحت پر باپ بیٹے میں تکرار ہوگئی اور اسی دوران باپ نے مبینہ طور پر غصے میں آکر بیٹے پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ ملزم موقع سے فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ ملزم بیٹے کے سیاسی جماعت کے لیے مہم چلانے اور جلسے جلوسوں میں شرکت کرنے پر خوش نہیں تھا اور بیٹے کو محنت مزدوری کرنے کی نصیحت کرتا تھا۔ پولیس کا بتانا ہے کہ ایف آئی آر کے اندراج کے بعد ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔