عمران خان نے بھی دیگر سیاست دانوں کی طرح مایوس ہی کیا، انور مقصود

پیر 22 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انور مقصود پاکستان کی معروف شخصیات میں سے ہیں، لیکن صرف یہ کہنا ان کے لیے کافی نہ ہوگا۔ انور مقصود ان چند ستاروں میں سے ہیں جنہوں نے پاکستان ٹی وی پر ڈرامہ اور کامیڈی کی بنیاد رکھی تھی، جس سے وہ سب پھول کھلے جن کو آج ہم بڑی سکرین پر دیکھتے ہیں۔

تقسیمِ ہند کے وقت کراچی ہجرت کرنے والے انور مقصود پی ٹی وی جیسے ادارے میں اپنے فن سے 4 چاند لگا دیے۔ انور مقصود اور ان کے سارے بہن بھائی پاکستان آنے کے بعد، کہیں نا کہیں شوبز میں نام کماتے رہے۔ کھانا بنانے کی ایکسپرٹ ان کی بہن، جنہیں ہم زبیدہ آپا کے نام سے جانتے ہیں، اور ان کی دوسری بہن فاطمہ ثریا نے بھی خوب نام کمایا۔

ایک حالیہ پوڈ کاسٹ میں انور مقصود نے اپنی زندگی اور خاندان پر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان آنے کے بعد، انہوں نے اور ان کے خاندان نے کن کن مشکلات کا سامنا کیا۔ انور مقصود نے بتایا کہ بہن بھائیوں کے بیچ اتنے پیار کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ان کے والدین نے کوئی جائیداد نہیں چھوڑی، جس کی وجہ سے سب کے بیچ کبھی کوئی جھگڑا نہیں ہوا۔

انٹرویو کے دوران، میزبان نے ان سے ان کی مزاحیہ تحریر سے متعلق سوال پوچھا، تو انور مقصود نے دل کو چھونے والا جواب دیا: ’جب آپ کسی غم میں مبتلا ہوتے ہیں، تو اس وقت ہی مزاحیہ باتیں لکھنا سب سے زیادہ اچھا ہوتا ہے۔ پریشانی میں سب سے اچھا ہے مذاق لکھنا۔‘

ہم جانتے ہیں کہ انور مقصود نے ’آنگن ٹیڑھا‘، ’ستارہ اور مہرالنسا‘، اور ’لوز ٹاک‘ جیسے ڈراموں اور پروگرامز سے مقبولیت حاصل کی۔ ان کا اداکار معین اختر کے ساتھ بڑا لمبا سفر رہا، کیوںکہ دونوں نے ساتھ مل کر ’لوز ٹاک‘ پروگرام کی 400 سے زائد اقساط ریکارڈ کی تھیں، جن کا اسکرپٹ انور مقصود نے لکھا تھا۔

انور مقصود نے کراچی شہر سے لگاؤ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ایک بڑا شہر ہے، برا نہیں۔ اور اسی لیے، ان کا دل کہیں اور نہیں لگتا۔ تقسیم کے بعد بھی، وہ اپنے خاندان کے ساتھ ادھر ہی آئے تھے۔ انہوں نے قائداعظم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنتے ہی، ان کو احساس ہوگیا تھا کہ یہ ملک بنانا بہت بڑی غلطی تھی۔ اور آج تک، اس ملک کے حالات جوں کے توں ہیں۔

میزبان نے جب سیاست کا موضوع چھیڑا، تو انور مقصود نے سابق وزیراعظم عمران خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی حکومت کے 3 سال صرف چوروں سے بدلہ لینے میں گزار دیے، جس وجہ سے وہ کوئی اور کام نہیں کر پائے، انہوں نے بھی دیگر سیاست دانوں کی طرح مایوس ہی کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp