گزشتہ دنوں پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے معروف پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ شادی کرلی ہے، اب سوشل میڈیا پر شعیب ملک کی پہلی شادی سے متعلق کافی چہہ مگوئیاں ہورہی ہیں۔ بعض صارفین کے مطابق شعیب ملک نے اداکارہ ثنا جاوید سے دوسری شادی کی ہے، تاہم حقیقت یہ ہے کہ شعیب ملک نے تیسری شادی کی ہے۔
واضح رہے کہ شعیب ملک کی پہلی شادی سے متعلق دلچسپ حقائق ہیں کہ ان کی پہلی شادی ٹیلی فون پر ہوئی تھی۔
شعیب ملک کا ماضی، پہلی بیوی عائشہ صدیقی
عائشہ صدیقی (جنہیں ماہا صدیقی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے) نے ثانیہ مرزا سے شعیب ملک کی شادی کے موقع پر دعویٰ کیا تھا کہ ان کی شادی 2002 میں شعیب ملک سے ہوئی تھی۔ تنازعہ کھلا، جس کے نتیجے میں پولیس کے ہاں شکایت درج ہوئی، نتیجتاً دونوں کے درمیان طلاق ہوگئی جس کے بعد شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی شادی ممکن ہوئی تھی۔
شعیب ملک کا پہلی بیوی عائشہ صدیقی سے پہلا رابطہ کب ہوا؟
2001 کے اواخر میں شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کے درمیان پہلا رابطہ ہوا۔ شعیب ملک نے ٹائمز نیوز نیٹ ورک کو انٹرویو میں بتایا تھا کہ 2001 میں انہیں عائشہ نامی خاتون کا فون آیا، جس نے خود کو ان کی مداح کے طور پر متعارف کرایا، اس کال کے بعد دونوں نے ٹیلی فونک گفتگو شروع کر دی۔ یہ ٹیلیفونک تعلق نکاح تک جا پہنچا۔
عائشہ صدیقی نے شعیب ملک کو بتایا کہ وہ سعودی عرب میں رہتی ہیں۔ عائشہ صدیقی نے شعیب ملک کو اپنی تصویریں بھی بھیجیں۔ شعیب ملک اور عائشہ صدیقی کئی مہینوں تک فون پر بات کرتے رہے، دونوں میں ایک دوسرے کے لیے جذبات پیدا ہو گئے جس کے بعد شعیب نے اس کے بارے میں اپنے والدین سے بھی بات کی۔
دوسری طرف شعیب ملک نے بتایا کہ انہوں نے کبھی عائشہ سے ملاقات نہیں کی۔’ ہمیشہ عائشہ صدیقی سے ملنے کی خواہش ظاہر کی۔ تاہم اس نے ہمیشہ کہا ‘ہم اپنی شادی پر ملیں گے۔’ جب وہ 2002 میں حیدرآباد گئے تو انہوں نے عائشہ سے ملنے کی کوشش بھی کی لیکن عائشہ نے بتایا کہ اسے ضروری کام کے لیے سعودی عرب جانا ہے اور اس کی بہن ماہا صدیقی ان سے ملیں گی۔
عائشہ کی بہن ماہا سے ملنے کے بعد شعیب نے ان سے پوچھا کہ عائشہ ان سے کیوں نہیں ملنا چاہتیں؟ اس پر ماہا نے کہا کہ عائشہ اچانک اپنے وزن میں اضافے کی وجہ سے ان سے ملنے سے ہچکچا رہی ہیں۔
اس کے بعد بھی شعیب ملک نے کئی بار عائشہ سے ملنے کی کوشش کی لیکن یہ ملاقات نہ ہوسکی کیونکہ وہ کوئی نہ کوئی بہانہ کرتی تھی۔ یہاں تک کہ اس نے اپنی بھابھی کو عائشہ سے ملنے کے لیے بھیجا، لیکن اس نے ’امریکا جا رہی ہوں‘ کہہ کر بھابی سے بھی ملنے سے انکار کر دیا۔
شعیب ملک اور عائشہ صدیقہ کا ٹیلیفونک نکاح
انٹرویو میں شعیب ملک نے بتایا کہ 2002 میں عائشہ صدیقی کا فون آیا، انہوں نے کہا کہ وہ ان سے فوری طور پر شادی کرنا چاہتی ہیں کیونکہ ان کے تعلقات کی خبریں ہر طرف سرخیوں میں ہیں اور ان کے خاندان کے لیے اس صورتحال سے نمٹنا مشکل ہے۔
شعیب ملک نے بتایا کہ وہ عائشہ سے شادی کرنے میں جلدی نہیں کرنا چاہتے تھے کیونکہ وہ اس وقت صرف 20 سال کے تھے اور عائشہ سے ذاتی طور پر ملے بغیر ان کے نکاح کے بارے میں سوچنا بھی ناممکن تھا۔ عائشہ ان پر دباؤ ڈالتی رہیں اور انہیں ٹیلی فون پر شادی کے لیے مجبور کرتی رہیں، چنانچہ شعیب ملک نے اپنا نکاح نامہ لیا اور یہ سوچ کر دستخط کیے کہ تصویروں میں نظر آنے والی لڑکی سے ان کی شادی ہورہی ہے۔
2005 میں شعیب کو عائشہ کی اصل شناخت کا پتہ چلا کہ تصویروں میں نظر آنے والی لڑکی اور جس لڑکی سے وہ بات کررہے تھے، دونوں مختلف ہیں۔
شعیب ملک نے بتایا کہ ’اگست 2005 میں جب میں پاکستان میں تھا تو میرے بہنوئی نے مجھے بتایا کہ ان کے بھانجے (جو سعودی میں تھے) نے بتایا ہے کہ سعودی عرب میں ماہا صدیقی نامی ایک ٹیچر سب کو بتا رہی تھیں کہ وہ پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں، اس نے مجھے ٹیچر کی تصویر دکھائی۔ میں یہ دیکھ کر حیران رہ گیا کہ یہ ماہا آپا تھیں۔‘
عائشہ کی اصل شناخت جان کر شعیب ملک کو دلی صدمہ ہوا، شعیب نے فوراً عائشہ کو فون کیا اور اس نے اسے دھمکی بھی دی کہ وہ اس لڑکی کی تصاویر جاری کر دیں گے جو اس نے انہیں ای میل کی تھیں۔ اس پر التجا کرتے ہوئے عائشہ صدیقی نے شعیب ملک سے کہا کہ دوسری لڑکی کی زندگی برباد نہ کریں۔
‘میں نے عائشہ کو فوراً فون کیا اور بتایا کہ مجھے حقیقت معلوم ہے۔ مجھے غصہ آ گیا۔ میں نے اسے کہا کہ میں وہ تصاویر جاری کرنے جا رہا ہوں جو اس نے مجھے بھیجی تھیں۔ اس نے معافی مانگی اور مجھے بتایا کہ جس لڑکی کی تصویریں ہیں وہ شادی شدہ ہے اور اگر میں نے یہ تصویریں جاری کیں تو اس لڑکی کی زندگی برباد ہوجائے گی، میں نے اس کے بارے میں سوچا اور پھر تصاویر جاری نہیں کیں۔‘
اس کے بعد 2010 میں شعیب ملک کی بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے شادی طے ہوگئی اور انہوں نے عائشہ صدیقہ کو طلاق دے دی۔