وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے متعدد تعلیمی اداروں کو سیکیورٹی خدشات کے سبب غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا۔
شہر میں پیر کے روز طالبعلم معمول کے مطابق اسکول، کالج اور یونیورسٹی پہنچیں مگر کچھ ہی دیر بعد تعلیمی اداروں کی جانب سے والدین کو پیغام بھیج دیا گیا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی تھریٹ ہے اور تعلیمی اداروں پر حملے کا خدشہ ہے، لہٰذا وہ اپنے بچوں کو فوری پک کرلیں جبکہ شہر کی 4 بڑی یونیورسٹیوں کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔
Related Posts
پیر کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے اسلام آباد کے بڑے تعلیمی اداروں سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا۔ تھریٹ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر کالعدم تنظیم کی جانب سے 22 سے 24 جنوری کے دوران حملوں کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور تعلیمی اداروں میں حملے کے لیے خاتون خودکش بمبار کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
سیکیورٹی تھریٹ موصول ہونے کے بعد رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیا اور اسلام آباد شہر کی سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
دوسری جانب اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیز ایئر،این ڈی یو، بحریہ اور قائدِاعظم یونیورسٹی کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا جبکہ ایئر یونیورسٹی میں آج ہونے والا پرچہ بھی منسوخ کردیا گیا۔
اسلام آباد پولیس کا اس حوالے سے موقف ہے کہ شہر کے سیکیورٹی انتظامات سخت ہیں اور نواحی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے، تاہم ابھی تک کسی بھی مشکوک شخص یا دہشت گرد کی گرفتاری عمل نہیں لائی جاسکتی ہے۔
پولیس کا مزید کہنا تھا کہ انتخابات کی وجہ سے شہر میں انتخابی ریلیوں، جلسوں اور میٹنگز کا بھی انعقاد کی جارہا ہے مگر وہاں بھی احتیاط کی ضرورت ہے۔