احمد پور شرقیہ میں جلسہ: شہبازشریف کے جنوبی پنجاب کے لیے اہم اعلانات

منگل 23 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے صدر و سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف نے اپنے دور میں عوام کی بھرپور خدمت کی، اب چوتھی بار وزیراعظم بن کر یہ سلسلہ دوبارہ شروع کریں گے۔

احمد پور شرقیہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو ماضی کی طرف ایک بار پھر جنوبی پنجاب میں ترقیاتی کام شروع ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ عوام ہمیں موقع دیں جنوبی پنجاب کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔

شہبازشریف نے کہاکہ نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنے تو بہاولپور میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنائیں گے، اس کے علاوہ احمد پور شرقیہ کو ضلع بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہم یہاں بہاولپور میں جدید ٹرانسپورٹ چلائیں گے اس کے علاوہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے گا تاکہ وہ باعزت روزگار کما سکیں۔

شہبازشریف نے کہاکہ عوام مسلم لیگ ن کو موقع دیں احمد پورشرقیہ میں اعلیٰ معیار کا اسپتال تعمیر کروں گا جہاں عوام کو بہترین صحت کی سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے 2008 سے 2018 تک نوازشریف کی قیادت میں جنوبی پنجاب کی خدمت کی، 2010 میں جب سیلاب آیا تو میں ہر جگہ پہنچا اور عوام کی داد رسی کی۔

ہم نے مظفر گڑھ میں طیب اردوان اسپتال بنایا

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے کہاکہ نوازشریف نے ماضی میں ہر جگہ سڑکیں بنائیں، ہم نے مظفرگڑھ میں طیب اردوان اسپتال قائم کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنے دور میں دانش اسکول قائم کیے جہاں آج غریب عوام کے بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، ایک بار پھر موقع ملا تو جنوبی پنجاب کی تحصیل میں دانش اسکول بناؤں گا۔

شہبازشریف نے کہاکہ بہاولپور میں پہلی یونیورسٹی نوازشریف نے بنائی، اس کے علاوہ ہر اسپتال میں ادویات ہمارے دور میں مفت تھیں مگر بعد میں آنے والی حکومت نے سب ختم کر دیا۔

انہوں نے کہاکہ کسان ہمیشہ مسلم لیگ ن کے دور میں خوشحال ہوا۔ موقع ملا تو پھر غریب کسانوں کو سبسڈی دیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp