سپریم کورٹ آف پاکستان کے ایڈووکیٹ اور پی سی بی کے الیکشن کمشنر شاہ خاور نے عبوری مدت کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کے اختیارات سنبھال لیے ہیں۔
وزارت بین الصوبائی رابطہ کے 23 جنوری کے نوٹیفکیشن اور پی سی بی کے آئین کے آرٹیکل 7(2) کے مطابق الیکشن کمشنر کو چیئرمین پی سی بی کے اختیارات حاصل ہیں۔
اپنے بیان میں شاہ خاور نے پی سی بی کے سرپرست وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کے اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد از جلد چیئرمین پی سی بی کا آزادانہ اور شفاف طریقے سے انتخاب کرانا ان کی بنیادی ذمہ داری ہوگی۔
مزید پڑھیں
چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پاکستان کرکٹ بورڈ ذکاء اشرف نے گزشتہ ہفتے استعفٰی دیدیا تھا، میڈیا رپورٹ کے مطابق ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ وہ کرکٹ کی بہتری کےلیے کام کر رہا تھے، تاہم اس طرح اب ان کے لیے کام کرنا ممکن نہیں۔ ’اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، اب وزیر اعظم پر منحصر ہے کہ وہ کس کو نامزد کرتے ہیں‘۔
واضح رہے کہ وزارت بین الصوبائی رابطہ نے ذکاء اشرف کو بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کرنے سے روکا تھا، کیونکہ ان کے مطابق ذکاء اشرف نہ صرف بورڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کے انتخابات کروانے میں ناکام رہے بلکہ انہوں نے وفاقی حکومت کے دیے گئے مینڈیٹ سے بھی تجاوز کیا۔ وفاقی حکومت نے نئی مینجمنٹ کمیٹی لانے سے متعلق آگاہ کردیا تھا۔