پی ٹی آئی سے وابستہ انتخابی امیدواروں کو پارٹی کی جانب سے انتباہ کیوں؟

بدھ 24 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‏تحریک انصاف نے پارٹی سے وابستہ انتخابی امیدواروں کو پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرکے حق میں دستبردار ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بصورتِ دیگر ان کی پارٹی رکنیت ختم کردی جائے گی۔

سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب کی جانب سے صوبائی اور ضلعی قیادت کو اس ضمن میں ایکشن لینے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں، عمر ایوب کے دستخط سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ایسے امیدوار جو پی ٹی آئی کا حصہ ہیں اور انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں ملا وہ پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے حق میں فوراً دستبردار ہوجائیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی سے وابستگی کا دعوٰی کرنیوالے انتخابی امیدوار جو پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں کیخلاف مبینہ طور پر مہم چلارہے ہیں فوری طور پر پارٹی امیدواروں کے حق میں دستبردار ہوجائیں۔ ‘جو ایسا نہیں کریں گے ان کی پارٹی ممبرشپ فوراًختم کر دی جائے گی۔‘

عمر ایوب نے اپنے نوٹیفکیشن میں مزید کہا ہے کہ صوبائی اور علاقائی صدور کو ہدایت کردی گئی ہیں کہ وہ ایسے لوگوں کیخلاف ضروری ایکشن لیں جو اس اہم اور نازک وقت میں پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے مرتکب ہورہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp