9 مئی جلاؤ گھیراؤ: خالد گجر کی شناخت ہوگئی، عدالت نے 7 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا

جمعرات 25 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انسداد دہشت گردی کی عدالت نے عسکری ٹاور حملہ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں شناخت ہوجانے پر پی ٹی آئی رہنما خالد محمود  گجر کی شناخت پریڈ میں شناخت ہوجانے پر ان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔

تفتیشی افسر  انسپکٹر میان  اسلم نے خالد گجر کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا۔ جج محمد نوید اقبال نے ملزم کو یکم فروری کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ خالد گجر عسکری ٹاور حملہ کیس میں ملوث ہیں اور ان کی شناخت پریڈ میں  شناخت بھی ہوچکی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ خالد گجر کا جسمانی ریمانڈ دے دیا جائے جسے عدالت نے قبول کرلیا۔ یہ مقدمہ تھانہ گلبرگ میں درج ہے۔

دریں اثنا دہشت گردی عدالت میں 9  مئی واقعات میں جلاؤ گھیراؤ کے دوران لاہور کے تھانے شاد مان کو نذر آتش کرنے کے مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ نے چالان کی کاپیاں وصول کر لیں۔

عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کے لیے ملزمان کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ انسداددہشت گردی عدالت کے جج نوید اقبال نے کیس کی سماعت کی۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ انہیں مکمل معلومات نہیں فراہم کی جارہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ انہیں آڈیو وڈیو گواہوں کی فہرست فراہم کی جائے۔

وکیل نے کہا کہ تمام تر کاغذات کی فراہمی کے بعد ٹرائل شروع کیا جائے تاکہ ہم تیاری کر سکیں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ آپ کو تمام دستاویزات فراہم کی جائیں گی۔

ملزم طاہر خان, ارباز خان, محمد گل, محمد فہیم سمیت دیگر ملزمان نے چالان کی کاپیاں وصول کر لیں۔

دریں اثنا راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے  میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر رہنماؤں کے خلاف کارروائی  کی گئی۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور اعجاز چوہدری کو جیل سے عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کر دیں اور فرد جرم عائد کرنے کے لیے لیے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ انسداد دہشتگری عدالت کے جج محمد نوید اقبال نے  سماعت کی ۔

ملزمان پر راحت بیکری کے سامنے پولیس کی گاڑیاں جلانے کا الزام ہے۔ مقدمہ تھانہ سرور روڈ میں درج کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp