طویل خشک سالی کی چھٹی: بادل برسے اور پہاڑوں نے سفیدی اوڑھ لی

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

طویل خشک سالی کی چھٹی ہوگئی۔ بادل برس پڑے اور پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر مزید ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔ میدانی علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش نے خشک موسم کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش وقفے وقفے سے جاری ہے۔ رات گئے سے جاری بارش نے موسم سرد کر دیا ہے۔ بارش کیساتھ ساتھ پہاڑی علاقوں پر برفباری، حسین وادیوں نے برف کی چادر اوڑھ لی ہے۔

مغربی سسٹم ملک شمالی علاقوں پر اثر انداز ہونا شروع ہو گیا ہے، وادی نیلم اور گردو نواح کے پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہفتے کے اختتام پر اور اگلے ہفتے ملک کے دیگر علاقوں تک پھیل جائیگا۔

محکمہ موسمیات کے ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد جبکہ بالائی اضلاع اور بلوچستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ  پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدید دھند  چھائے رہے گی۔ جس کے باعث موسم شدید سرد رہے گا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے متعدد شہر شدید دھند کی لپیٹ میں رہے، جس سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا ہے۔

سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جڑواں شہروں میں پھسلن کے باعث مختلف حادثات کے دوران 2 افراد جاں بحق اور تین زخمی ہو گئے۔ جنہیں امدادی ٹیموں نے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

 آئندہ چند روز تک کن علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے؟

ہفتہ کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم شام یا رات میں کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقا مات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علا قوں میں شدید دھند، سموگ چھائے رہے گی۔ شدید دھند کے باعث ان مذکورہ علاقوں میں موسم شدید سرد رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں 27 جنوری کی رات سے ملک کے مغربی علاقوں سے ملک میں داخل ہوں گی، اور 31 جنوری تک بالائی علاقوں میں موجود رہیں گی۔ جس کے باعث گلگت بلتستان میں دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر جبکہ کشمیر میں وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سندھوتی، کوٹلی، بھمبر اور میر پور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔ تاہم چترال، دیر، سوات، کوہستان اور مالاکنڈ میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری جبکہ چارسدہ، مردان، نوشہرہ، صوابی، پشاور، لکی مروت، بنوں اور گرد و نواح میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ اس دوران مری اور گلیات میں بھی مختلف مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔ تاہم مری، گلیات اور گر دو نواح میں مطلع جزوی ابر آلود، رہنے کے ساتھ ہلکی بارش، بوندا باندی اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہو سکتی ہے۔ بہاولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد  رہے گا، بلوچستان کے شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور، کشمور اور پڈعیدن میں ہلکی دھند سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

موٹرویز مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند

ملک کے میدانی علاقوں میں دھند کی صورتحال برقرار ہے جب کہ موٹرویز کو مختلف مقامات پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث موٹرویز ایم ون پشاور سے رشکئی، ایم ٹو لاہور سے فاروق آباد، موٹروے ایم تھری، ایم فور فیصل آباد سے پنڈی بھٹیاں اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم الیون بند کر دی گئی ہیں۔

موٹروے پولیس کا کہنا ہے قومی شاہرات پر دھند کا دورانیہ موسم سرد ہونے کے ساتھ بڑھ گیا ہے۔ موٹر ویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے، عوام دھند کے موسم میں دن کے اوقات میں سفر کرنے کو ترجیح دیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp