شعیب ملک بی پی ایل چھوڑ کر دبئی کیوں گئے؟ ٹیم اونر کا اہم بیان سامنے آگیا

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کی فرنچائز فارچیون باریشل کے مالک میزان ملک نے واضح کیا ہے کہ ان کی ٹیم نے شعیب ملک کے ساتھ کانٹرکٹ منسوخ نہیں کیا ہے بلکہ وہ نجی مصروفیات کے سبب ٹیم کو چھوڑ کر دبئی گئے ہیں۔

اس سے قبل یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان کے سابق کپتان کو فکسنگ کے الزام کے سبب فرنچائز نے الگ کردیا ہے۔

واضح رہے کہ اس ہفتے کے شروع میں شعیب ملک پر فارچیون باریشال کے لیے بی پی ایل 2024 کے میچ میں ناقص کارکردگی کا الزام لگایا گیا تھا۔ انہوں نے کھلنا ٹائیگرز کے خلاف صرف ایک اوور میں 3 نو بالز کیں اور 18 رنز دیے، اور میچ کے دوران ڈیتھ اوورز میں 6 گیندوں پر صرف5 رنز بنائے تھے۔

شعیب ملک کی اس کارکردگی پر شائقین کرکٹ نے سوال اٹھانا شروع کردیے اور الزام عائد کیا کہ شعیب ملک نے نو بالز جان بوجھ کر پھینکی تھیں۔ جس پر بنگلہ دیش پریمیئر لیگ نے کارروائی کرتے ہوئے معاہدہ ختم کر دیا۔ بنگلہ دیشی اسپورٹس جرنلسٹ سید سمی نے ایکس پر پوسٹ کے ذریعے تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ فارچیون باریشال نے اب شعیب ملک کا معاہدہ فکسنگ کے شبے میں ختم کر دیا ہے۔

واضح رہے شعیب ملک نے پاکستان کے لیے 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 124 ٹی20 کھیلے ہیں۔ پاکستان کے لیے انہوں نے آخری ٹی20 میچ نومبر 2021 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔

یاد رہے رواں ہفتے شعیب ملک اپنی شادی کی خبروں کے سبب سوشل میڈیا اور خبروں کی زینت بنے رہے ہیں۔ شعیب ملک سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی اختیار کرکے، پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید کے ساتھ تیسری شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp