پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان نے اپنے تمام انتخابی امیدواروں اور کارکنوں کو ملک بھر میں بیک وقت ریلیاں نکالنے کی کال دی ہے، عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں جو امیدوار اتوار کو ریلی نہیں نکالے گا اس کا ٹکٹ تبدیل کر دیا جائے گا۔
عمران خان کی ہدایات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے تمام امیدواروں اور کارکنوں کو اپنے اپنے شہروں میں دن 2 بجے انتخابی مہم کے ضمن میں ریلیاں نکالنے کا پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کو ریلیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے بھی کمیٹی قائم کردی ہے اور اس سلسلے میں ہر حلقے کے امیدوار پر نظر رکھی جائے گی، جو امیدوار روپوشی ختم کر کے ریلی نہیں نکالے گا اس حلقے میں ٹکٹ تبدیل کر کے ان کارکنوں میں سے کسی کو دے دیا جائے گا جو اپنے حلقے میں ریلی نکالیں گے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ملک بھر کے تمام امیدواروں سے حلفاً اقرار نامہ بھی دینے کی ہدایات جاری کی ہیں، پی ٹی آئی کے تمام امیدوار بیان حلفی پارٹی سیکریٹریٹ کو بھیجیں گے جہاں انتخابات جیتنے کی صورت میں پارٹی وفاداری تبدیل نہ کرنے کا حلف لیا جائے گا۔
اس کے علاوہ تمام امیدواروں کو حلفاً ویڈیو پیغامات بھی ریکارڈ کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں، تمام امیدواروں کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ آئندہ اتوار سے قبل تحریری اور ویڈیو پیغامات کی صورت میں حلفاً اقرار نامہ جمع کروائیں۔
ادھر اسلام آباد اور پنجاب بھر میں انتخابات سے قبل دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔