اسلام آباد: پمز اسپتال کے لیے 40 بیڈز، مریض و تیماردار کو کھانے کی فراہمی کا اعلان

جمعہ 26 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ و تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز اور وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے اسلام آباد میں  پمز اسپتال کا دورہ کیا۔

دونوں وفاقی وزرا نے  اسپتال کی جانب سے دی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر گوہر اعجاز کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر اسپتال کی ایمرجینسی کے لیے 40 بیڈز کا عطیہ دیا گیا۔

ڈاکٹر گوہر اعجاز نے کہا کہ آئندہ ہفتے سے تمام مریضوں اور لواحقین کو کھانا بھی فراہم کیا جائے گا اور جلد پمز کے لیے ایک فارمیسی کا آغاز کیا جائے گا جس میں تمام ضروری ادویات کی مفت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے گوہر اعجاز کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ وزارت داخلہ کا چارج لینے کے بعد پمز ہسپتال کا دورہ کرنے پر ان کے مشکور ہیں۔

ڈاکٹر ندیم جان  نے کہا کہ پمز ہسپتال پر مریضوں کا بوجھ روز بروز بڑھ رہا ہے اور  12 سے 15 ہزار مریض روزانہ علاج کے لیے آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پمز ہسپتال میں صفائی کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر یقینی بنارہے ہیں اور مریضوں کو کوالٹی آف سروس ادویات کی فراہمی ہمارا مشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp