گنیز ورلڈ ریکارڈز نے پاکستان کے شہر کراچی میں سیاحوں کی توجہ کے مرکز ایک باؤنسی کیسل کو دنیا کا سب سے بڑا باؤنسی کیسل قرار دے دیا۔
ریکارڈ رکھنے والی تنظیم نے کہا کہ کراچی میں جمبو جمپ نے باضابطہ طور پر سب سے بڑے انفلٹیبل (باؤنسی) کیسل کا ریکارڈ اپنے نام کیا جس کی پیمائش 15,295.51 مربع فٹ ہے۔
پاکستان کے اس باؤنسی کیسل نے دبئی کے ’جمپ ایکس ‘ سے ریکارڈ چھین کر اپنے نام کیا۔
دبئی کے باؤنسی کیسل نے وہ اعزاز جنوری 2023 میں حاصل کیا تھا۔
جمبو جمپ جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو پاکستان کی طرف راغب کرنا ہے میں زیادہ سے زیادہ 200 افراد کی گنجائش ہے۔ اس میں ایک سلائیڈ، چڑھنے والی دیواریں اور کسی قلعے میں پائی جانے والی دیگر سجاوٹیں شامل ہیں۔