پشاور میں انتخابی جلسہ: بلاول بھٹو کی مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی پر تنقید

ہفتہ 27 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف نے ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا جس کی وجہ سے معاشرے کو نقصان پہنچنے کے ساتھ معیشت پر بھی اثر پڑا۔

پشاور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں تاریخی معاشی بحران ہے، اس کے ساتھ دہشتگردی کا خطرہ بھی نظر آ رہا ہے، عوام 8 فروری کو تیر کے نشان پر ٹھپہ لگائیں ہم تمام مسائل حل کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کی جانب سے سیاسی اختلاف کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کرنے کی سزا آج پورا پاکستان بھگت رہا ہے، پرانے سیاستدان ملک کو 90 کی دہائی کی سیاست میں دھکیل رہے ہیں جبکہ میں پاکستان کو 2024 میں لانا چاہتا ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم نے ملک کو مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے نجات دلانے کے لیے 10 نکاتی ایجنڈا دیا ہے جس پر عملدرآمد سے سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہم بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے، اس کے ساتھ غریبوں کے لیے 30 لاکھ گھر بنا کر ان کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جائیں گے۔

پیپلزپارٹی کی حکومت بنے گی تو تنخواہوں کو دُگنا کریں گے

چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ہماری حکومت بنے گی تو ہم تنخواہوں کو دُگنا کریں گے، اس کے علاوہ کسانوں، مزدوروں اور نوجوانوں کو بینظیر کارڈ دیں گے تاکہ ان کی مالی مدد ہو سکے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ ہم اس ملک میں زرعی انقلاب لے کر آئیں گے، فصل کی انشورنس کرتے ہوئے چھوٹے کسانوں کو مالی مدد پہنچائیں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم تعلیم اور صحت کے شعبے میں بھی انقلاب لائیں گے۔ ہم ایسے صحت کے ادارے قائم کریں گے جہاں مفت علاج ہوگا۔

پی ٹی آئی کے صحت کارڈ پر تنقید کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ یہ کمائی کا ایک طریقہ تھا اور سارا پیسا پرائیوٹ اسپتالوں کے پاس جا رہا تھا۔

بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جو جماعت بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف کیسز بنا رہی تھی ہم نے اپنی آنکھوں کے ساتھ دیکھا کہ ان کے ساتھ بھی ویسا ہی ہوا۔

بینظیر بھٹو پر ظلم کرنے والوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی بیٹی پر ظلم دیکھنا پڑا

بلاول بھٹو نے کہاکہ جو بینظیر بھٹو پر ظلم کرتے تھے ان کو اپنی آنکھوں کے سامنے اپنی بیٹی پر ظلم دیکھنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ ہم عمران خان کو بھی سمجھاتے رہے کہ انتقامی سیاست نہ کرو مگر وہ نا مانے، وہ کہتا تھا میں سب جیل میں ڈال دوں گا، بیچارہ اب خود جیل میں پھنسا ہے۔

’کہتا تھا میں کسی کو این آر او نہیں دوں گا، اب کہتا ہے میں ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہوں مگر اب کوئی اس سے بات کرنے کو تیار نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اپنے منشور میں ایٹم بم اور سی پیک کا کریڈٹ خود لینے کی کوشش کی ہے جس سے ان کی سچائی سامنے آ جاتی ہے کیوں کہ یہ دونوں پیپلزپارٹی کے منصوبے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp