’وی نیوز پر مریم نواز کا انٹرویو‘، جنرل فیض کا ردعمل سامنے آگیا

جمعرات 9 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وی نیوز کو دیے گئے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینیئر نائب صدر مریم نواز کے خصوصی انٹرویو کو جہاں ملک کے مین اسٹریم میڈیا نے اپنی خبروں و تبصروں میں شامل کیا وہیں آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور ریٹائرڈ لیفٹنٹ جنرل فیض حمید کا بالواسطہ رد عمل بھی سامنے آیا ہے۔

یاد رہے کہ وی نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں مریم نواز نے جہاں دیگر اہم باتیں کیں وہیں انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ فیض حمید نے چار سالہ طویل عمران حکومت کی حمایت کرکے ملک تباہ کرنے میں کردار ادا کیا۔ جب کہ انھوں نے ن لیگ کی حکومت گرانے میں بھی کردار ادا کیا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ اس غیر آئینی کردار پر فیض حمید کو نشان عبرت بنانا چاہیے اور ان کا کورٹ مارشل ہونا چاہیے۔

اس حوالہ سے فیض حمید کا مؤقف معروف صحافی و اینکر کامران خان کے ایک ٹویٹ کے توسط سے سامنے آیا۔ ٹویٹ میں کامران خان نے بتایا کہ مریم نواز کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں فیض حمید نے انھیں (کامران خان) میسجز بھیجے جن میں انھوں نے 3 باتوں کی یاد دہانی کروائی۔

کامران خان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے تو فیض حمید کہا کہ وہ سنہ 2017 اور 2018 میں وہ صرف میجر جنرل تھے تو کیا فوجی ڈسپلن میں تنہا میجر جنرل کسی کی حکومت ختم کرسکتا تھا۔ دوسری بات جس کی جانب فیض حمید نے نشاندہی کی وہ یہ تھی کہ فوج میں فیصلہ صرف چیف کا ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں فیض حمید کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام فیصلے عدالتوں نے کیے تھے۔

جیو نیوز کے معروف اینکر شاہزیب خانزادہ نے اپنے پروگرام میں وی نیوز کے دیے گئے مریم نواز کے انٹرویو سے اقتتباسات نشر کرتے ہوئے بتایا کہ سانجھےکی ہنڈیا بیچ چوراہے پر پھوٹ رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے جنرل (ر) فیض حمید کے کورٹ مارشل کا مطالبہ زور پکڑتا جارہا ہے۔

جیو نیوز کے مطابق پہلی مرتبہ اس ضمن میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کا موقف بھی سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اپنے خلاف الزامات کی تردید کرنے کے بجائے ذمہ داری سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پر ڈال دی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءالله نے جیو نیوز پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق لیفٹینٹ جنرل فیض حمید کے خلاف تحقیقاتی ادارے انکوائری کر رہے ہیں اور اس معاملہ میں کوئی پیش رفت ہوئی تو سامنے آجائے گی۔

فیض حمید کے کورٹ مارشل کی باتوں کے حوالہ سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کام حکومت کا نہیں بلکہ فوج کا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp