خیبرپختونخوا میں یورپی طرز کا پہلا عوامی سہولت مرکز

پیر 29 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یورپ یا بیرون ممالک سے واپس آنے والے ہمارے پاکستانی بہن بھائی ہمیں فخر سے بتاتے تھے کہ وہ جہاں بھی جاتے ہیں انہیں’ون ونڈو‘ آپریشن ملتا ہے، ضروری دستاویز بنوانے کے لیے مختلف دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑتے۔

یہ بات سن کر ہم بھی حیران ہو جاتے تھے کہ ایسا کیسے ممکن ہے، لیکن اب خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں بھی یورپی طرز کے عوامی سہولت مرکز کی سروسز دستیاب ہیں، جن سے عوام مستفید ہو رہے ہیں۔

قطار اور انتظار کی کوفت کے بغیر ہری پور عوامی سہولت مرکز میں آپ کو ڈومیسائل سے لے کر ڈرائیونگ لائیسنس کے حصول تک تمام سہولیات ایک ہی چھت تلے ملیں گی۔

اس حوالے سے وی نیوز سے بات کرتے ہوئےاسسٹنٹ کمشنر ہری پور کا کہنا تھا کہ ہمارا آئیڈیا یہ تھا کہ ڈپٹی کمشنر آفس کی جتنی بھی شاخیں ہیں ان کو ہم ایک ون ونڈو دے دیں جہاں عام عوام کو تمام سہولیات ایک چھت تلے مل سکیں۔

حمزہ عباس نے مزید بتایا کہ اس سہولت مرکز میں مختلف طرح کی قریباً 36 سروسز ایک چھت تلے ملتی ہیں، جن میں اسلحے کا لائیسنس، ڈرائیونگ لائیسنس (نیا یا گمشدہ)، محکمہ مال، اسٹامپ پیپر، ڈومیسائل سرٹیفیکیٹ اور جنرل این او سیز سے متعلق سروسز شامل ہیں۔ جبکہ عوام کی سہولت کے پیش نظر فیس سینٹر بھی سہولت مرکز کے اندر ہی بنایا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر ہری پور کہتے ہیں کہ اپنی نوعیت کا یہ پہلا عوامی سہولت مرکز ہے جو صرف کے پی کے ضلع ہری پور میں قائم ہے۔

 اسسٹنٹ کمشنر ہری پور حمزہ عباس کا کہنا تھا کہ یہ سہولت مرکز گزشتہ برس اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا۔ یہ آئیڈیا سابق ڈپٹی کمشنر ہری پور عون حیدر گوندل کا تھا، جبکہ اس آئیڈیا کو سابق اسسٹنٹ کمشنر ہری پور نے اسٹاف کی مدد سے کامیاب بنایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp