8 فروری پاکستان بھر سمیت سندھ اور کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہوگا، سراج الحق

اتوار 28 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے آج اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ 8 فروری پاکستان بھر سمیت سندھ اور کراچی سے ڈاکو راج کے خاتمے کا دن ہوگا۔

کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہاکہ میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اب پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا دور کبھی واپس نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ اللہ نے ہمیں زرخیز زمینیں عطا کی ہیں، ہماری زمینیں سونا اگلتی ہیں، ملک میں تمام تر وسائل ہونے کے باوجود مہنگائی، بیروزگاری اور افراتفری کی ذمہ دار وہی حکومتیں ہیں جنہوں نے 76 برس حکومت کی۔

سراج الحق نے بلاول بھٹو پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک شہزادہ کہتا ہے میرا نانا اور میری والدہ وزیراعظم رہے ہیں اس لیے مجھے بھی وزیراعظم بنایا جائے۔

انہوں نے نوازشریف کو للکارتے ہوئے کہاکہ 3 بار وزیراعظم بننے والا بھی کہتا ہے کہ ایک باری اور دی جائے تو میں ان سب کو کہتا ہوں کہ اب تمہاری باریاں ختم ہو چکی ہیں، اب عوام کی باری ہے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے کہاکہ پاکستان میں مہنگائی کی وجہ سے غریب آدمی کا جینا مشکل ہو گیا لیکن ان کے گھوڑے مربے کھاتے ہیں، اور ان کی بلیوں کی خوراک بھی فرانس سے منگوائی جاتی ہے۔

سراج الحق نے کہاکہ ہم اس صبح کے انتظار میں ہیں جو غریبوں کے لیے خوشیوں کا پیغام لائے، جو مظلوموں کے لیے انصاف کا پیغام لائے، جو طلبہ کے لیے اچھی تعلیم کا پیغام لائے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہاکہ پاکستان کو ان لوگوں کی ضرورت نہیں جنہوں نے اپنی باریاں لے کر ملک کو تماشا بنا دیا۔

نوازشریف نے اپنے منشور سے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ نکال دیا

انہوں نے کہاکہ نوازشریف کا منشور وہی پرانا منشور ہے، بس ایک فقرے کی کمی ہے کہ ووٹ کو عزت دو، وہ اس نعرے سے توبہ کر چکے ہیں۔

سراج الحق نے کہاکہ وہ سمجھ گئے ہیں کہ جتنا دبنا ہے دب جائیں لیکن کسی بھی قیمت پر اقتدار مل جائے۔ مگر میں کہنا چاہتا ہوں کہ اب ان لوگوں کو وزیراعظم کی کرسی نصیب نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان چند وڈیروں اور جاگیرداروں کا نہیں پاکستانیوں کا ہے۔ ہمارے ملک میں 5 ہزار ارب سالانہ کرپشن ہوتی ہے، اسی وجہ سے ملک ترقی نہیں کر رہا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ ہم اقتدار میں آکر ان کرپٹ عناصر کا احتساب کریں گے، ان کی گردن پر پاؤں پر رکھ کر حساب لیں گے۔

ذہین لوگ پاکستان چھوڑ کر جا رہے ہیں

انہوں نے کہاکہ جو بھی لکھا پڑھا نوجوان ہے وہ ملک چھوڑ جاتا ہے کیونکہ یہاں پر ذہین لوگوں کے لیے اب کوئی جگہ نہیں رہی۔

سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی اسٹیل ملز، ریلوے اور پی آئی اے کو ٹھیک نہیں کر سکیں اور تمام ادارے خسارے پر چل رہے ہیں۔ ان لوگوں سے کیا امید رکھی جا سکتی ہے کہ پاکستان کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی کے پاس ہے کیونکہ ہمارے پاس ٹیم موجود ہے۔

کراچی کے عوام کے پاس اب ترازو کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، حافظ نعیم الرحمان

قبل ازیں جماعت اسلامی پاکستان کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کراچی آگے بڑھتا ہے تو پورا پاکستان آگے بڑھتا ہے، کراچی کے عوام کے پاس اب ترازو کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ کراچی کو اس کا مالیاتی حق دیں تو ملک کو کشکول اٹھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

حافظ نعیم نے جلسے کے دوران سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بلاول بھٹو سے کہتا ہوں آپ کبھی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔ ’مسترد شدہ لوگوں کو مسلط کرنے کی کوشش نہ کی جائے کیونکہ شہر جاگ رہا ہے‘۔

انہوں نے کہاکہ ہم کسی سے فیور نہیں مانگ رہے نا ہی یہ کہہ رہے ہیں کہ ہماری بات ہو گئی ہے، ہم بس یہ کہتے ہیں کہ اگر ہم جیت رہے ہیں تو جیتنے دیا جائے۔

میئر کراچی کے انتخاب میں ہمارے حق پر ڈاکا ڈالا گیا

انہوں نے کہاکہ میئر کراچی کے انتخاب میں ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا۔ سوداگروں نے ہمارے مینڈیٹ کی توہین کی۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ سازش کے تحت انٹر کے طلبا کو فیل کرنا شروع کر دیا گیا ہے، یہ بھیڑیے نہیں چاہتے کہ یہ نوجوان یونیورسٹیوں کے ٹیسٹ میں شامل ہوں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے نوجوانوں کے لیے سرکاری نوکریوں کے دروازے کھولے جائیں، کراچی کو حق دیا جائے تو یہ پاکستان کو دنیا کا ترقی یافتہ ملک بنائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp