مسلم لیگ ہاؤس حملہ کیس، صنم جاوید کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور

پیر 29 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مسلم لیگ ہاؤس جلانے کے الزام میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید اور محمد تنویر کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ ن ہاؤس جلانے کے مقدمے میں نامزد صنم جاوید اور محمد تنویر کی بعد از گرفتاری ضمانت پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید چدھڑ  نے آج سنایا۔

صنم جاوید کے وکیل کا موقف تھا کہ ملزمہ کو 6 ماہ بعد اس مقدمہ میں ملوث کیا گیا، ڈپٹی پروسیکیوٹر عبدالجبار ڈوگر نے ضمانت مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ ملزمہ صنم جاوید نے عوام کو جلاؤ گھیراؤ  پر اکسایا ۔

تھانہ ماڈل ٹاؤن میں درج مقدمے میں عدالت نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہنما پی ٹی آئی کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیدیا۔

تاہم ذرائع کے مطابق انہیں فوری رہائی ملنے کا امکان مشکل نظر آتا ہے کیونکہ انتظامیہ کی جانب سے لاہور کے تھانہ شادمان میں درج ایک اور مقدمے میں گرفتار کرکے انہیں وہاں منتقل کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ 26 جنوری کو سپریم کورٹ نے صنم جاوید کے کاغذاتِ نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں لاہور سے الیکشن لڑنے کی اجازت دی تھی اور الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں انہیں انتخابی نشان الاٹ کرنے کا بھی حکم دیا تھا۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp