پاکستان میں 5Gسروسز کب سے شروع ہورہی ہیں؟

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں 5G سروسز اگست میں شروع ہوں گی، نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے پاکستانی عوام کو خشخبری سنا دی ہے۔

پیر کے روز نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے اسلام آباد میں موبائل سمٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جولائی یا اگست 2024 تک 5G سروسز شروع کی جائیں گی،حکومت 300MHz سپیکٹرم نیلام کرے گی۔

ڈاکٹر عمر سیف کے مطابق 5G کے آغاز سے پہلے پاکستان کے آپٹک فائبر نیٹ ورک کو بڑھانا ہوگا، اس وقت ملک بھر میں لگ بھگ 56,000 ٹاورز میں سے صرف 6,000 موبائل ٹاور آپٹک فائبر کیبلز سے منسلک ہیں۔

نگراں وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے گزشتہ 5 مہینوں کے دوران آئی ٹی انڈسٹری کی ترقی کے لیے اپنی  وزارت کی طرف سے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی اور خاص طور پر اس شعبے کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے کے لیے ٹیلی کام ٹریبونل کا قیام کا ذکر کیا۔

عمر سیف نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے تقریباً 250,000 موبائل فون برآمد کیے ہیں، جس سے تقریباً 200 ملین ڈالر کی آمدنی ہوئی ہے، اس وقت تقریباً 35 مختلف برانڈز مقامی موبائل فون مینوفیکچرنگ انڈسٹری میں فعال طور پر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔

اسمارٹ فونز کی برآمدات بڑھانے کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے زور دیا کہ حکومت کا مقصد اگلے 2 سالوں میں 500 ملین ڈالر کا ہدف اور پانچ سالوں میں 5 بلین ڈالر کا ہدف حاصل کرنا ہے۔

انہوں نے مقامی طور پر اسمارٹ فونز کے کچھ اجزا تیار کرنے کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس کا مقصد ملک کے اندر مکمل طور پر اسمبل فونز تیار کرنا ہے۔

گزشتہ 3 سالوں میں آئی ٹی اور الیکٹرانکس کی صنعتوں میں ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے ان شعبوں کے لیے نئی پالیسیاں بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے موبائل مینوفیکچررز کو 3 فیصد ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ (آر اینڈ ڈی) الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا ہے، جو اگلے مالی سال سے شروع ہوگا۔ آنے والے برسوں میں الاؤنس کو 3 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے گا۔

’یہ اقدام ٹیکنالوجی کے شعبے کو فروغ دینے اور الیکٹرانک آلات کی پیداوار میں خود کفالت کو فروغ دینے کے لیے حکومت کی وسیع تر حکمت عملی سے ہم آہنگ ہے، رائٹ آف وے پالیسی کے موثر نفاذ کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل نے تمام محکمانہ رکاوٹوں کو دور کر دیا ہے اور تمام فیصلوں کو ملک کے مفاد میں بلاتاخیر منظور کر لیا گیا ہے۔‘

بین الاقوامی کمپنیوں کو کم مدار والے سیٹلائٹس کے ذریعے مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کی اجازت

انہوں نے نشاندہی کی کہ ملک کی پہلی خلائی پالیسی کے تحت بین الاقوامی کمپنیوں کو کم مدار والے سیٹلائٹس کے ذریعے مواصلاتی خدمات فراہم کرنے کی اجازت ہوگی۔ سیٹلائٹ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور دنیا بھر میں بہت سی نجی کمپنیاں کم مدار والے سیٹلائٹس کے ذریعے مواصلاتی خدمات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔

ڈاکٹر سیف نے اس بات پر زور دیا کہ مواصلات اور انٹرنیٹ کی خدمات کم مدار والے سیٹلائٹس کے ذریعے پیش کی جا سکتی ہیں، نجی شعبے میں اس حوالے سے کافی ترقی ہو رہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp