‘نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان آرہے ہیں’

جمعرات 9 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‘سابق وزیرِاعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان میں آجائیں گے اور انتخابی مہم کی قیادت کریں گے۔’

یہ بات مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف نے وی نیوز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں بتائی۔

سابق وزیرِاعظم کی پاکستان واپسی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ‘نواز شریف چند ہفتوں میں ہمارے درمیان ہوں گے، وہ انتخابی مہم کی قیادت ہی نہیں بلکہ پاکستان کی قیادت بھی کریں گے۔’

مریم نواز نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں سے لے کر موٹرویز، فائبر آپٹک اور ایئرپورٹس سمیت ملک کے تمام بڑے اور قابلِ مثال ترقیاتی منصوبوں پر نواز شریف کی مہر ثبت ہے۔

نواز شریف نے کبھی نہیں کہا کہ آپ مستقبل کی وزیرِاعظم ہیں؟

جب وی نیوز نے ان سے پوچھا کہ کیا کبھی نواز شریف نے انہیں کہا کہ وہ مستقبل کی وزیرِاعظم ہیں تو مریم نواز نے فوراً جواب دیا کہ ‘انہوں نے کبھی ایسا نہیں کہا۔’

انٹرویو میں جب مسلم لیگی رہنما سے پوچھا گیا کہ کبھی انہیں نوازشریف سے کسی جلسے کے بعد ڈانٹ پڑی تو ان کا کہنا تھا کہ اکثر جب وہ گاڑی سے باہر نکل جاتی ہیں تو انہیں اس بات پر ڈانٹ پڑجاتی ہے۔ ‘وہ کہتے ہیں آپ اپنی سیکیورٹی کا خیال نہیں کرتیں۔ وہ ہر وقت نگرانی رکھتے ہیں اور بتاتے بھی رہتے ہیں کہ کونسی بات نہیں کرنی اور کونسی بات کس انداز میں کرنی ہے۔ 99 فیصد تو شاباش ملتی ہے کہ اچھی تقریر کی اور آپ کے پوائنٹس بھی اچھے تھے۔ پہلے زیادہ گائیڈ کرتے تھے مگر اب ان کا اعتماد بڑھ گیا ہے اور اب کچھ نہیں کہتے۔’

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے بھی آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا لیکن عام اشیائے ضروریہ اور غریبوں کی ضروریات کی تمام اشیا کی قیمتیں 4 برس تک مستحکم رہیں۔ یہ کوئی چھوٹی بات نہیں تھی۔ 2013 میں جب میاں صاحب اقتدار میں آئے تو مہنگائی کہ شرح کہاں تھی لیکن 4 سال میں میاں صاحب اسے سنگل اعداد تک لے آئے۔ ترقی کی شرح 2 فیصد تھی لیکن جب میاں صاحب نے وزارتِ عظمیٰ چھوڑی تو ترقی کی شرح 6 فیصد اور متوقع ترقی کی شرح 7 فیصد تھی۔

‘آپ دیکھ لیں کہ ان 4 برسوں میں یہ شرح کہاں تھی۔ ہر اشاریہ اوپر جارہا تھا۔ ملک میں سرمایہ کاری آرہی تھی۔ سی پیک منصوبہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری تھی۔ سڑکیں اور موٹرویز بن رہی تھیں، ملک سے 22، 22 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کو صفر پر لایا جاچکا تھا۔ مہنیوں میں پاور پلانٹ کھڑے کیے، بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا۔ اورنج لائن اور میٹرو بس منصوبوں جیسے بڑے کام نواز شریف نے کیے ہیں۔’

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp