قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر عبید شاہ نے اپنی شاندار کارکردگی سے اپنا سکہ جما دیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھی نوجوان بولر کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگئی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی عبید شاہ نے بھی اپنے بھائی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے، آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ 2024 کے اب تک کھیلے جانے والے میچز میں عبید شاہ 9 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے عبید شاہ کے پرانے انٹرویو کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ عبید شاہ نے اپنی کارکردگی سے ثابت کردیا ہے وہ اپنے بھائیوں سے متاثر ہوئے ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں عبید شاہ کا کہنا ہے وہ اپنے گھر میں اپنے بھائیوں(نسیم شاہ اور حنین شاہ) کے ساتھ کرکٹ کھیلتے تھے، جس طرح بڑے شہروں میں بڑے کھیل کے میدان ہوتے ہیں، ان کے گاؤں میں وہ سہولیات میسر نہیں ہیں۔
’میری خواہش تھی کہ میں اپنے بھائی نسیم شاہ کی طرح قومی ٹیم کی نمائندگی کروں، میں بھائی کو دیکھ کر سوچتا تھا کہ اگر یہ قومی ٹیم میں کھیلتا ہے تو انشاء اللہ میں بھی ایک بار ضرور کھیلوں گا‘۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ایک دن میں نسیم شاہ کے ساتھ ٹیپ بال کھیلنے گیا، ملک ناصر نے مجھے ٹیپ بال سے کھیلتے دیکھا تو کہا کہ آپ میں ٹیلنٹ ہے، ملک ناصر نے میرے والد اور بھائیوں سے کہا کہ اس بچے کو آُپ نے ان کے حوالے کرنا ہے، اس میں اپنے بھائی کی طرح ٹیلنٹ ہے اور یہ بھی کھیل سکتا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’والد صاحب نے مجھے کہا کہ ٹھیک ہے آپ کھیلو لیکن آپ کے پاس صرف ایک سال کا وقت ہے، ایک سال میں آپ نے کچھ کیا تو ٹھیک، نہ کیا تو پھر آپ صرف اپنی تعلیم جاری رکھیں، اس کے تین مہینوں بعد انڈر 16 میں سیلیکٹ ہوا۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’جب میں اکیڈمی میں کھیلتا تھا تو ادھر ایک انکل آتے تھے۔ اس انکل نے مجھے کہا کہ آپ میں بہت ٹیلنٹ ہے، جب آپ اسٹار بنوگے تو میں آپ کے ساتھ پہلی سیلفی لوں گا، نسیم بھی اسٹار ہے لیکن آپ بھی اسٹار ہیں کیوں کہ آپ میں بھی ٹیلنٹ ہے۔
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ جنید خان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان میں فاسٹ بولنگ کا بہت ٹیلنٹ ہے، آپ ایک پتھر اٹھائیں گے تو اس کے نیچے سے فاسٹ بولر نکلے گا، جب آپ کے بڑے کھیلتے ہیں تو آپ کو ویسے بھی آئیڈیا ہوتا ہے۔‘
جنید خان کا کہنا ہے کہ عبید شاہ کی کوالٹی ہے کہ وہ ریورس سوئنگ کررہا ہے، آگے جا کر یہ وسیم اکرم اور وقار یونس جیسی ریورس سوئنگ کرے گا۔
فاسٹ بولر عبید شاہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے کوچ جنید خان کی ہدایات کو مدنظر رکھ کر بالنگ کرتے ہیں، جنید خان ایک لیجنڈ اور سینیئر پلیئر ہیں تو ان کی ہدایات سے ہمیں فائدہ ملتا ہے۔