کل سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ ہو سکتا ہے؟

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گزشتہ سال کے اختتام پر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت 73 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی، اس سے قبل اکتوبر میں خام تیل کی قیمت 94 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی۔ تاہم اب ایک مرتبہ پھر خام تیل کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے، جو اب 82 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈویژن نے رواں مالی سال کے لیے پٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 869 ارب مقرر کیا ہے۔

10 سے 15 روپے فی لیٹر کا اضافہ ہوسکتا ہے

پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور امریکی کرنسی کی قدر گزشتہ 15 دنوں میں 280 روپے سے کم ہو کر 275 روپے ہو گئی ہے۔ ڈالر کی قیمت میں کمی اور خام تیل کی قیمت میں 5 ڈالر اضافے کے پیش نظر تجزیہ کاروں کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی اضافہ 10 سے 15 روپے فی لیٹر کا ہوسکتا ہے، تاہم قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزارت خزانہ 31 جنوری کی شب اوگرا کی سمری کی روشنی میں کرے گی۔

برینٹ خام تیل کی قیمت 82 ڈالر فی بیرل

رواں ماہ جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع تھی۔ حکومت نے عوامی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کرتے ہوئے 15 جنوری کو پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، کیونکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی تاہم اب اضافے کا سلسلہ جاری ہے، برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت 82 ڈالر فی بیرل ہو گئی ہے۔

ڈالر کی قدر میں کمی

معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق جنوری میں ڈالر کی قدر میں کمی سلسلہ جاری رہا، گزشتہ سال ستمبر سے پاکستان میں روپے کی قدر مستحکم اور ڈالر سستا ہو رہا تھا۔ انٹربینک میں ڈالر307 روپے سے کم ہو کر 23 اکتوبر کا 275 روپے کا ہو گیا تھا، گزشتہ ماہ سے ایک مرتبہ پھر سے ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ جاری ہے جو 289 روپے سے کم ہو کر 175 روپے ہوگئی ہے۔

پیٹرول کی قیمت میں آخری مرتبہ کمی کب ہوئی؟

حکومت نے آخری مرتبہ 15 جنوری کو جب پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے فی لیٹر کی کمی کی تھی، اس وقت انٹر بینک ڈالر کی قیمت 280 روپے تھی جو اب 5 روپے سے زائد کمی کے بعد 275 روپے ہو گئی ہے۔

پیٹرولیم لیوی

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 580 ارب روپے وصول کیے گئے تھے جبکہ رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کی وصولی کا ہدف 869 ارب مقرر کیا گیا ہے جب کہ آئی ایم ایف نے لیوی سے وصولی کا تخمینہ 918 ارب لگایا ہے، اس وقت پیٹرول اور ڈیزل پر 60، 60 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پیٹرول کی قیمت 259 روپے 34 پیسے فی لیٹر ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 276 روپے 21 پیسے فی لیٹر ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp