پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ اس وقت ملک خطرے میں ہے مگر روایتی سیاستدانوں کو اس کی کوئی فکر نہیں۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ رائیونڈ والوں سمیت کسی کو بھی ملکی حالات کا احساس نہیں ہے۔
آج آپ کا جوش و جذبہ دیکھ کر یہ نظر آرہا ہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تیروں کی بارش ہوگی، جو لوگ ٹھنڈ اور برف باری کی وجہ سے انتخابات لڑنا نہیں چاہ رہے تھے اب 8 فروری کو انکا کیا ہوگا؟
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری @BBhuttoZardari #چنو_نئی_سوچ_کو… pic.twitter.com/jPEl434W4T— PPP (@MediaCellPPP) January 30, 2024
چیئرمین پی پی پی نے کہاکہ ملک میں دہشتگردی ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہے، اس کے علاوہ معاشی بحران بھی ہے جبکہ سیلاب کے نقصانات ابھی تک نظر آ رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں اقتدار میں آکر پاکستان کی قسمت بدل دوں گا، عوام 8 فروری کو تیر مہر لگائیں۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ غربت، مہنگائی اور بیروزگاری کا مقابلہ کرنے کے لیے تیر کا نشان موجود ہے، ہم ملک سے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کر دیں گے کیونکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ کہا جمہوریت بہترین انتقام ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ ہمیں بھی کہا جاتا ہے کہ مہم کے لیے گھروں سے نہ نکلیں مگر ہمارا سر کٹ تو سکتا ہے جھک نہیں سکتا، میں اپنے جیالوں کو تنہا نہیں چھوڑ سکتا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کا کیا بنے گا جو کہتے تھے ٹھنڈ اور برفباری کی وجہ سے الیکشن نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے کہاکہ اب تو کسی کے پاس کوئی بہانہ بھی نہیں رہا اور 8 فروری کو انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ 8 فروری کو ڈی آئی خان میں تیروں کی بارش ہوگی۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ میں وزیراعظم بنا تو عوام کی آمدنی دُگنی کر کے دکھاؤں گا۔ غریبوں کو 300 یونٹ تک فری بجلی دی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ ہم ملک بھر میں 30 لاکھ گھر بنا کر غریبوں مں تقسیم کریں گے جن کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیے جائیں گے۔