انتخابات 2024: تحریک انصاف نے 8 فروری کے لیے حکمت عملی بنا لی

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عام انتخابات کے آخری 10 دنوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دے دی ہے اور اپنے امیدواروں و کارکنان کو اس حوالے سے ہدایات جاری کردی ہیں۔

پی ٹی آئی نے اپنے تمام امیدواروں کو رضاکار ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات جاری کردی ہیں، اس سلسلے میں تحریک انصاف نے آن لائن پورٹل پر بھی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے جبکہ ہر حلقے کا الگ واٹس ایپ گروپ بھی بنایا گیا ہے۔

ہر رضاکار کو آخری 7 روز تک ووٹر لسٹوں سے ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں جس میں ڈور ٹو ڈور مہم کے علاوہ ٹیلی فون کالز اور واٹس ایپ پیغامات کے ذریعے بھی عوام کو تحریک انصاف کے امیدواروں کے انتخابی نشان بارے بتایا جائے گا۔ اور امیدواروں کا پیغام بھی لوگوں تک پہنچایا جائے گا۔

تبدیلی رضاکار ایک منظم انداز سے تحریک انصاف کے ووٹرز کو پولنگ ڈے پر پولنگ بوتھ تک لے کر آئیں گے، اس حوالے سے تربیتی سیشنز کا بھی آغاز کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ تبدیلی رضا کاروں کو پولنگ ڈے پر اور بھی ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی، جس میں اپنے علاقے سے ووٹرز کو پولنگ بوتھ پر لانا، ووٹرز کے ووٹنگ نمبرز گھروں تک پہنچانا، پولنگ اسٹیشنز کے اندر ڈیوٹیاں دینا اور نتائج مرتب کرنے تک کی ذمہ داریاں شامل ہیں۔

تمام رضاکاروں کے باقاعدہ تربیتی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گا خصوصی طور پر پولنگ اسٹیشنز سے نتائج حاصل کرنا اور متعلقہ کوآرڈی نیٹرز تک نتائج پہنچانا ڈیوٹیز میں شامل ہوگا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواران آزاد حیثیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات کالعدم ہونے کے باعث جماعت سے بلے انتخابی نشان واپس لے لیا گیا تھا جس کے بعد تمام امیدوار آزاد ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp