’بونیر کی بیٹی‘: پیپلز پارٹی کی امیدوار ڈاکٹر سویرا عوام کے تعاون پر شاد

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بونیر کی مقامی خاتون سویرا پرکاش عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں ۔ وہ گزشتہ ایک مہینے سے انتخابی مہم چلا رہی ہیں اور وہ اس بات کو اپنی خوش قسمتی قرار دے رہی ہیں کہ انہیں اب تک عوام کی جانب سے توقعات سے بڑھ کر مثبت ردعمل کا سامنا رہا ہے۔

طب کے شعبے سے وابستہ  25 سالہ  ڈاکٹر سویرا پرکاش نے بتایا کہ ان کا  سب سے زیادہ فوکس تعلیم پر ہے کیونکہ بونیر میں تعلیم کی شرح بہت کم ہے جبکہ خواتین کو یہاں تعلیم صحت اور دیگر بنیادی سہولیات میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اپنی الیکشن مہم  کے دوران انہوں نے محسوس کیا کہ ان کا  ضلع بہت  سی محرومیوں کا شکار ہے اور یہاں کے عوام اس ترقی یافتہ دور میں بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔

سویرا کے مطابق انہوں نے  خود سے عہد کیا ہے کہ کامیاب ہونے کی صورت میں وہ سب سے پہلے ضلع کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں گی۔

عوامی ردعمل کے بارے میں سویرا نے کہا کہ ‘یہ میری خوش قسمتی ہے کہ بونیر کے عوام نے مجھے بونیر کی بیٹی کا لقب دیا ہے اور سب مجھے بہن بیٹی سمجھ کر سپورٹ کر رہے ہیں جس پر میں بہت زیادہ خوش ہوں‘۔

بونیر میں خواتین کی  تعلیم کے بارے میں انہوں نے  بتایا کہ یہاں اسکولوں میں لڑکیوں کی تعداد بہت کم ہے جب کہ پورے ضلع میں لڑکیوں کے لیے صرف ایک ہی کالج ہے۔

انتخابات میں اقلیتوں اور خواتین کے  حصہ لینے کے حوالے سے سویرا نے بتایا کہ ہر مذہب، قوم اور نسل کی خواتین کو الیکشن میں حصہ لینا چاہیے کیونکہ اگر ہر شعبے اور صنف سے لوگ اس میں حصہ لینا شروع دیں تو علاقے کے زیادہ تر مسائل حل ہوسکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp