یوں تو جب کسی کا بٹوہ کہیں گر جائے تو 30 سیکنڈ بعد ہی اس کے دوبارہ ملنے کے امکانات معدوم ہوجایا کرتے ہیں لیکن ایک امریکی خاتون خوش قسمت ہیں کہ انہیں 30 برس قبل کھویا ہوا پرس دوبارہ مل رہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے ایک شخص نے اپنے خاندان کے ساتھ سالٹ ریور میں کشتی رانی اور غوطہ خوری کرتے ہوئے ایک بٹوہ پایا جو سنہ 1995 میں پانی میں گر کر گم ہوگیا تھا۔ انہوں نے بٹوے کے مالک کا پتا چلا لیا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی 30 برس قبل کھویا ہوا وہ بٹوہ اپنے اصل حقدار تک پہنچ جائے گا۔
میسا کے جیریمی بنگھم نے میڈٰیا کو بتایا کہ وہ اپنی بیٹیوں اور بھائی بہنوں کے ساتھ دریا پر تھا جب اسے اپاچی جنکشن میں گولڈ فیلڈ مائن کے قریب غوطہ خوری کے دوران پانی کی سطح سے تقریباً 15 فٹ نیچے ایک پھٹا ہوا پرس ملا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ایسے پرس کا ملنا جو 29 سال سے زائد عرصہ قبل دریا میں کھویا اور محفوظ رہا ایک خوش کن تجربہ تھا۔
مزید پڑھیں
پرس میں ایک سے زیادہ کریڈٹ کارڈز اور جولیا شیا نامی خاتون کا ڈرائیونگ لائسنس تھا۔
بنگھم نے کہا کہ اس نے جولیا کو آن لائن تلاش کرنے میں مہینوں گزارے اور بالآخر سوشل میڈیا پر ان سے رابطہ کرنے میں کامیاب رہا۔
شکاگو میں رہنے والی جولیا نے کہا کہ وہ سنہ 1995 میں اپنے اس وقت کے بوائے فرینڈ پال اور 6 سالہ کزن میتھیو کے ساتھ ایریزونا میں اپنے کزن آرنلڈ سے ملنے گئی تھیں جہاں ان کا پرس گم ہو گیا۔
جولیا نے کہا کہ آرنلڈ نے حال ہی میں اس وقت ایک نیا ٹرک خریدا تھا اور وہ اسے دریا کے پار چلا کر دکھانا چاہتا تھا تاہم اس نے پانی کی گہرائی کا غلط اندازہ لگایا اور ٹرک نیچے کی طرف لے جا کر پانی سے بھر گیا۔
جولیا اپنے ننھے کزن میتھیو کو اپنی سیٹ بیلٹ سے باہر نکلنے میں کامیاب رہی تھیں جس کے بعد وہ کچھ لوگوں کی مدد سے ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن پانی میں گرجانے کے باعث انہوں نے بٹوے سمیت دیگر اشیا بھی گنوادی تھیں۔
پرس اب بذریعہ پوسٹ انہیں ارسال کردیا گیا جو انہں جلد مل جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ دیکھنے کے لیے بیتاب ہیں کہ یہ اس پرس میں موجود لائسنس پر ان کی پرانی تصویر میں وہ کیسی لگ رہی ہوں گی۔