مچھ اور کولپور میں سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا حملہ پسپا کر دیا، 9 امن دشمن ہلاک

منگل 30 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے علاقے مچھ اور کولپور میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی ہے کہ اور 3 خود کش حملہ آوروں سمیت 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے جبکہ 3 دہشتگرد زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے مچھ اور کولپور کمپلیکسز پر خود کش بمباروں سمیت حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے موثر جواب دیتے ہوئے حملہ پسپا کر دیا۔

مزید پڑھیں

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں سیکیورٹی فورسز کو فوری طور پر متحرک کردیا گیا جو آپریشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے خلاف لڑتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 4 بہادر جوان بھی شہید ہو گئے ہیں جبکہ 2 معصوم شہریوں نے بھی شہادت کو گلے لگا لیا۔

ترجمان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موثر جواب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے بے لوث عزم کا ثبوت ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سیکیورٹی فورسز نے بی ایل اے کے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کر دیا تھا۔

دہشتگردوں کی جانب سے متعدد راکٹ فائر کیے گئے لیکن دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی طرف سے مؤثر جواب کے نتیجے میں بوکھلا کر پسپا ہو گئے تھے۔ اور اس دوران مچھ پولیس کا ایک اہلکار شہید ہوا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp