پی ٹی آئی ملک بھر میں جنرل باڈی اجلاس بیک وقت کیوں کر رہی ہے؟

بدھ 31 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سیاسی مشکلات سے دوچار پاکستان تحریک انصاف نے انٹرا پارٹی انتخابات کے دوبارہ انعقاد کے حوالے سے ملک بھر میں آج جنرل باڈی اجلاس طلب کیا ہے۔

تحریک انصاف کے مطابق جنرل باڈی اجلاس میں انٹرا پارٹی انتخابات کے دوبارہ انعقاد پر غور و خوض اور پھر کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے ایک سینئر عہدیدار نے ملک بھر میں جنرل باڈی اجلاس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تمام صوبوں میں آج اجلاس منعقد ہوں گے کیونکہ پاکستان تحریک انصاف الیکشن سے پہلے ہی انٹرا پارٹی انتخابات کے انعقاد کی خواہاں ہے-

انہوں نے بتایا کہ تمام صوبوں میں قائدین کو اس حوالے سے اعتماد میں لیا گیا ہے اور وہ اپنےمتعلقہ صوبائی جنرل باڈی اجلاسوں میں اسی ایک نکاتی ایجنڈے پر سب کو اعتماد میں لیں گے۔ ’امید ہے کہ انٹرا پارٹی الیکشن دوبارہ کرانے کے حوالے سے باقاعدہ متفقہ فیصلہ ہو گا اور انٹرا پارٹی الیکشن عام انتخابات سے قبل ہی ہوں گے۔

پی ٹی آئی کے انہی سینئر عہدیدار کے مطابق تحریک انصاف خیبر پختونخوا کا جنرل باڈی اجلاس پشاور کے مقامی شادی ہال میں ہورہا ہے۔

کوئٹہ میں پی ٹی آئی ورکرز کنونشن کا انعقاد خطرے میں؟

کوئٹہ میں ایئرپورٹ روڈ پر مقامی ہال میں پی ٹی آئی کا ورکرز کنونشن اور جنرل باڈی اجلاس منعقد ہونا تھا، تاہم پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور حمایت یافتہ امیدواروں کو ورکرز کنونشن میں شرکت سے روکتے ہوئے ہال کا مرکزی دروازہ بند کردیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے ہال کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp