سابق وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ خیبرپختونخوا والو ایک شخص جو یہاں سے ایکسپورٹ ہوا آپ اس کے جال میں پھنسے ہیں۔ اس نے آپ سے جھوٹے وعدے کیے، آپ کو ایک کروڑ نوکریاں دینا، 50 لاکھ گھربنا کر دینا، 300 ڈیم بنانا اور ایک ارب درخت لگانے کا وعدہ کیا، دل سے بتاؤ کہ ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا ہوا ہے۔
سوات میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے قائد پاکستان مسلم لیگ ن نواز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں ہزاروں کا مجمع ہے جس میں نوجوان ہی نوجوان دکھائی دے رہے ہیں، ان سے پوچھتا ہوں کہ کیا آپ کو 50 لاکھ گھروں میں سے کوئی ایک گھر ملا ہے؟ خیبرپختونخوا والو آپ کو سوچنا چاہیے تھا آپ کیوں اس شخص کے دھوکے میں آئے؟
مزید پڑھیں
سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آپ کو پوچھنا چاہیے تھا کہ عوام سے جھوٹے وعدے کیوں کیے گئے، خیبرپختونخوا کے لوگ تو بڑے سیدھے سادے اور پیار کرنے والے ہیں، ان کو کیوں دھوکا دیا گیا ان کے جزبات سے کیوں کھیلا گیا۔
’آپ لوگ ایک بندے کے جال میں پھنسے ہیں نیا پاکستان تلاش کرتے کرتے آپ نے پرانا پاکستان بھی تباہ کر دیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف تو آپ کی خدمت کر رہا تھا، آج بجلی کی صورت حال دیکھیں جہاں ایک ہزار بل آتا تھا اب 20 ہزار آتا ہے۔ پوچھنا چاہتا ہوں یہاں کونسا نیا منصوبہ آیا ہے، نواز شریف نے تو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا تھا۔ لیکن آپ لوگ تو ایک ایسے شخص کے پیچھے لگ گئے جس نے پاکستان کا یہ حال کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر چیز مہنگی ہوگئی ہے، معیشت کا برا حال ہے، کام کرنے کے بجائے صرف انتقامی سیاست اور سازشیں کی گئی ہیں، آپ سے پوچھتا ہوں کہ نواز شریف کا دور اچھا تھا یا یہ دور اچھا ہے؟ میں نے تو ہمیشہ سچ بولا ہے، آئندہ بھی سچ بولوں گا۔ جھوٹ بول کر ووٹ نہیں لینا چاہتا ہوں، اپنی عاقبت خراب نہیں کروں گا۔
نواز شریف نے کہا کہ آپ نے ایسے شخص کو چنا جس نے آپ کو بھی پھنسایا اور ملک کو بھی پھنسا دیا۔ آپ سے یہی گزارش کرنے آیا ہوں کہ جن کو پہلے آزمایا ہوا ہے ان کو بار بار آزمانہ ٹھیک نہیں ہے۔ میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ جو جو منصوبے یہاں لگائے تھے ان کو میں خود آکر مکمل کرواؤں گا۔