لاہور: نگراں حکومت نے دفعہ 144 کا حکم دوسرے روز ہی واپس لے لیا

جمعرات 9 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب حکومت نے لاہور میں ایک ہفتہ کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ کا حکم دوسرے دن ہی واپس لے لیا ہے۔ جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر کی جانب سے دائر درخواست نمٹادی ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے عدالت کو بتایا کہ نگراں حکومت پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا حکم واپس لے لیا ہے۔

ان کے مطابق گذشتہ روز شہر کے لیے انتہائی حساس دن تھا اس لیے دفعہ 144 کا نفاذ ایک درست قدم تھا۔ پی ٹی آئی نے ریلی کا علان کیا تھا اور پھر جو ہوا وہ سب نے ٹی وی پر دیکھا ہے۔

عدالت نے صوبائی حکومت کا موقف سامنے آنے پر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کی جانب سے دفعہ 144 کے نفاذ کے خلاف درخواست نمٹادی۔

دوسری جانب نگراں پنجاب حکومت نے لاہور میں دفعہ 144کا نفاذ ختم کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نےلاہور میں جلسہ، جلوس اور ریلی پرکل 7 دن کے لیے پابندی لگائی تھی تاہم دفعہ 144 کی پابندی دوسرے دن ہی ختم کردی گئی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری آج کے نوٹیفکیشن کے مطابق 7 دن کے لیے جاری کل کا نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جا رہا ہے۔

 

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے گذشتہ روز لاہور میں آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کا اعلان کرتے ہوئے ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد نگراں صوبائی حکومت نے شہر بھر میں سات روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی تھی۔

ریلی کے لیے جمع ہونے والے پی ٹی آئی کے کارکنوں اور پولیس میں تصادم کے باعث ایک کارکن کی ہلاکت اور متعدد پولیس والوں کے زخمی ہونے کے بعد ریلی فوری طور پر منسوخ کردی گئی تھی۔

دوسری جانب ممتاز قانون دان اعتزاز احسن نے میڈیا سے گفتگو میں واضح کیا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 کا نفاذ غیر قانونی ہے کیوں کہ انتخابات کے اعلان کے بعد سیاسی سرگرمیوں کے پیش نظر شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد نہیں کی جاسکتی۔

 

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp