ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے التوا کے حوالے سے تمام قیاس آرائیوں کی نفی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ایک بار پھر واضح کردیا کہ انتخابات اپنے طے شدہ وقت پر ہی ہوں گے اور اس حوالے سے عوام کو کسی بھی شبے کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔
چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی سے متعلق الیکشن کمیشن کا جمعرات کو ایک اہم اجلاس ہوا جس میں آئی جی اور چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا، آئی جی بلوچستان اور چیف سیکریٹری بلوچستان بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں نگران وفاقی وزیر داخلہ گوہر اعجاز اور سیکریٹری داخلہ آفتاب درانی نے بھی شرکت کی۔
#ECP pic.twitter.com/YEi62XBAV6
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) February 1, 2024
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں ایک امیدوار کی ہلاکت اور بلوچستان میں بے امنی کے واقعات کے بعد الیکشن کمیشن میں اہم اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے جس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے ایک اور افواہ کے حوالے سے بھی واضح کیا کہ انتخابات کے دن انٹرنیٹ کی بندش زیر غور نہیں۔
سکندر سلطان راجا نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگراں حکومت دونوں مل کر انتخابات کا انعقاد ہر صورت یقینی بنائیں گے اور 8 فروری کو الیکشن ہر صورت میں ہوں گے۔
دریں اثنا الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مکمل الرٹ ہیں اور صوبائی انتظامیہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنےکے لیےتیار ہے۔ اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام تر وسائل فراہم کردیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے والوں سے انتہائی سختی سے نمٹا جائے گا اور کسی بھی سیاسی یاغیرسیاسی قوت کو انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنےکی اجازت نہیں دی جائےگی۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی اور سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود الیکشن کا عمل نہیں رکےگا اور وہ وقت پر ہی ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی انتخابی عمل کی سب سے بڑی دشمن ہے اور انتخابات میں رخنہ ڈالنے والے عناصر سے پاک فوج کی مدد سے سختی سے نمٹیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ شہریوں کو ووٹ ڈالنےکے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کیا جائےگا اور سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو بلاخوف و خطر انتخابی مہم چلانےکا
سازگار ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان کے وقت قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر سے خبردار رہا جائے۔
#ECP pic.twitter.com/2p8yNM2kvS
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) February 1, 2024
سکندر سلطان راجا نے کہا کہ پولنگ ڈے پر انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے کوئی بات زیر غور نہیں اور اگر انٹرنیٹ سروس کا کوئی مسئلہ سامنے آیا بھی تو ہمارا ای ایم ایس آف لائن کام کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ضمنی انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز دستیاب نہیں ہیں تاہم اس کے سائز کو چھوٹا کرنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا اور بیلٹ پر جہاں ٹھپہ لگانا ہے وہ متعلقہ خانہ اس مہر کے لیے مطلوبہ سائز کا ہوگا۔