ملک بھر میں تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے 7 روز کے لیے بند

جمعرات 1 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں نے 8 فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات کے سلسلے میں 6 سے 9 فروری تک تمام تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا اعلان کر دیا ہے۔

نگراں وفاقی وزارت تعلیم اور پیشہ وارانہ تربیت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں آئندہ  8 فروری 2024 کوعام انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جس کے لیے نگراں وفاقی حکومت نے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو 6 فروری سے 9 فروری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد کے تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 6 سے 9 فروری 2024 تک بند رہیں گے اور دوبارہ 10 فروری کو تمام نجی اور سرکاری اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کیا جائے گا۔

ادھر محکمہ تعلیم سندھ کے مطابق صوبے بھر میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو 6 سے 9 فروری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عام انتخابات کی وجہ سے صوبے بھر کے تمام نجی وسرکاری اسکول، کالج اورجامعات مسلسل 4 دن کے لیے بند رہیں گی۔

01 (1) by akkashir on Scribd

محکمہ تعلیم سندھ کا کہنا ہے کہ 5 فروری کو سندھ میں کشمیر ڈے کی تعطیل کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے۔ سندھ حکومت کے اعلان کے بعد صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو لمبی چھٹیاں مل گئیں، کل کے بعد آئندہ 9 روز تک تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

خیبر پختونخوا میں تعطیلات کا اعلان

ادھر صوبہ خیبر پختونخوا کے محکمہ تعلیم نے بھی ملک میں عام انتخابات کے تناظر میں 6 فروری سے 9 فروری تک تمام سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔  محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبرپختونخوا نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اسکولوں میں پولنگ سٹیشز قائم کیے گئے ہیں جب کہ اساتذہ بھی انتخابات کی سرگرمیوں میں مصروف رہیں گے اس لیے تمام نجی اور سرکاری اسکولز 6 فروری سے 9 فروری تک بند رہیں گے۔

 واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کی نگراں کابینہ نے بدھ کو ہی عام انتخابات کے سلسلے میں تمام اسکول کالجز اور یونیورسٹیز 6 سے 9 فروری تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بلوچستان کے تعلیمی اداروں میں سرمائی تعطیلات

اس کے علاوہ صوبہ بلوچستان کے سرد اضلاع میں پہلے ہی سے سالانہ تعطیلات جاری ہیں اور تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے موسم سرما کی تعطیلات کی وجہ سے بند ہیں تاہم گرمائی تعطیلات والے علاقوں کے حوالے سے صوبائی حکومت نے تا حال کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے بھی ملک بھرمیں 8 فروری کوعام تعطیل کا اعلان کررکھا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیرپر عام تعطیل کا اعلان

اس کے علاوہ سرکاری تعلیمی اور بعض دیگر اداروں  میں  ہفتہ اور اتوار کو بھی چھٹی ہوتی ہے اس طرح 3 اور 4 فروری کو ہفتہ اوراتوار کی چھٹی پہلے ہی سے  طے ہے جب کہ 5 فروری کو بھی حکومت نے ملک بھر میں ’یوم یکجہتی کشمیر‘ کی تعطیل کا اعلان کر رکھا ہے۔

حکومت کے اس اعلان کے بعد ملک بھر میں تقریباً 7 روز تک تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ 10 فروری 2024 کو تمام اداروں میں تعلیمی سرگرمیوں کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp