بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر عدت کے دوران نکاح کے مقدمے کی سماعت کے دوران خاتون کے سابق اور موجودہ شوہروں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی اور نوبت قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر ایک دوسرے کو جھوٹا ثابت کرنے تک پہنچ گئی۔
دوران سماعت عمران خان نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کے اس الزام کو جھوٹ قررا دیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ شادی سے قبل ان کی اہلیہ اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ناجائز تعلقات تھے۔
’میں اور خاور مانیکا دونوں قرآن پر ہاتھ رکھیں‘، عمران خان
عمران خان نے اپنی سچائی ثابت کرنے کی غرض سے کہا کہ ’میں اور میری بیوی قرآن پر حلف دینے کو تیار ہیں کہ (ہمارے شادی سے پہلے) ناجائز تعلقات نہیں تھے۔ انہوں نے عدالت سے قرآن پاک منگوانے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ خاور مانیکا بھی قرآن پر ہاتھ رکھ کر وہ الزام دہرائیں۔
اس بات پر خاور مانیکا بھی تیار ہوگئے لیکن وکیل درخواست گزار راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ کرمنل پروسیڈنگ میں ایسا نہیں ہوسکتا۔ تاہم عدالت کے جج قدرت اللہ نے جیل حکام کے ذریعے قرآن پاک منگوالیا۔
جج قدرت اللہ نے کہا کہ قرآن پر حلف کے بعد گواہ اور جرح کا حق ختم ہوجائے گا اور حلف پر فیصلہ کریں گے۔ اس پر عمران خان نے اپنے وکلا سے مشورہ کرکے جج سے کہا کہ قرآن پر حلف کے علاوہ جرح بھی کریں گے۔
عدالت نے کہا کہ ٹھیک ہے گواہوں کے بیانات اور جرح ہوگی۔ عدالت نے گواہان کے بیانات ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔
مزید پڑھیں
قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر اپنے اپنے دعوے دہرانے سے قبل بشریٰ بی بی اور خاور مانیکا بھی ایک دوسرے کو جواب دیتے رہے اور حلف اٹھانے کے لیے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی روسٹرم پر آ گئے۔
بشریٰ بی بی کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی قرآن پر ہاتھ رکھ کر بیان دوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ’جج صاحب آپ میرا بیان سنے بغیر فیصلہ نہیں دے سکتے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن میں لکھا ہے جو الزام لگائے گا وہ ثابت بھی کرے گا۔
6 سال خیال کیوں نہیں آیا، بشریٰ بی بی، تم نے بچوں کے ذریعے مجھے روکا، خاور مانیکا
بشریٰ بی بی نے روسٹرم سے اترنے وقت خاور مانیکا کی جانب دیکھتے ہوئے جملہ کسا کہ ’6 سال اسے خیال نہیں آیا‘۔ اس پر اس پر ان کے سابق شوہر نے کہا کہ ’مجھے خود آپ نے (وہ بات کرنے سے) بچوں کے ذریعے روکا تھا۔
انہوں نے جذباتی ہوکر یہ بھی کہا کہ ان کی چھوٹی بیٹی کلثوم آج بھی روتی ہے۔ خاور مانیکا نے مزید کہا کہ ’انہوں نے میرا گھر برباد کیا ہے اور یہ (بشریٰ بی بی) بچوں کو کہتی ہے میں تمہارے لیے مر گئی ہوں‘۔
’یہ تھی تمہاری ریاست مدینہ؟‘، خاور مانیکا
خاور مانیکا اپنی سابق بیوی اور عمران خان کی طرف دیکھتے کر کافی دیر بولتے رہے۔ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کیے بغیر یہ بھی کہا کہ ’یہ تھی تمہاری ریاست مدینہ‘۔
تلخ کلامی مزید نہ بڑھ جائے اس پر بانی پی ٹی آئی کو روسٹرم سے بشریٰ بی بی اور بہنوں نے واپس بلا لیا۔ جج نے خاور مانیکا اور بانی پی ٹی آئی دونوں کو بولنے سے روک دیا۔ اس موقع پر خاور مانیکا نے روسٹرم پر کھڑے ہر بد دعائیں بھی دیں۔