پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے علاوہ ملک کو کوئی بھی بحران سے نہیں نکال سکتا، تخت لاہور کی لڑائی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔ ہم نے 10 نکاتی عوامی معاشی معاہدہ کر رکھا ہے، جس پر ہر قیمت عمل درآمد کیا جائے گا۔
جمعہ کو شکار پور میں عوامی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں وزیر اعظم بن کر اس عوامی معاشی معاہدے کے ذریعے ملک سے غربت کا خاتمہ کروں گا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا پیپلزپارٹی عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے بے نظیر بھٹو کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ ’ بے نظیر آئے گی، غربت مٹائے گی‘ ہم شہید بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو مکمل کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر نوجوانوں کے لیے روزگار کا بندوبست کریں گے، ہم نے بہت مشکل وقت دیکھا ہے، ہم نے کورونا وائرس کا سامنا کیا، سیلاب کا سامنا کیا، سیلاب کے دوران یہاں کے عوام کا مطالبہ تھا کہ ہمیں گھر بنا کر دیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کم تھا ہماری حکومت کا دورانیہ ختم ہو رہا تھا، میں نے اس کے باوجود بطور وزیر خارجہ دُنیا بھر کا دورہ کر کے یہاں کے عوام کو ریلیف پہنچانے کی کوشش کی، میں نے خواتین کو گھر بنا کر دینے کا جو وعدہ کیا تھا وہ اقتدار میں آ کر پورا کروں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ باقی جماعتوں نے سیاست کو ذاتی دشمنی میں بدل دیا ہے، تخت لاہور کی لڑائی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، تخت لاہور کی لڑائی کی وجہ سے ہی ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، غربت بڑھ رہی ہے، ملک کی معاشی صورت حال خراب ہو رہی ہے۔
اس لڑائی کا نقصان آپ کا ہو رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے، اگر آپ نے مجھے منتخب کر کے وزیر اعظم بنایا تو اس نفرت اور تقسیم کی سیاست کو ختم کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ قوتیں سندھ میں بھی نفرت کا بیج بونا چاہتے ہیں، ہمارا مقابلہ کرنی والی سیاسی جماعتوں کو دیکھیں، کوئی مذہب کی بنیاد پر تو کوئی لسانی بنیادوں پر سندھ کو تقسیم کرنا چاہتا ہے ۔
کوئی فرقہ وارانہ سیاست کر کے آپ کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں، میں بلاتفریق آپ کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، آپ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں، ہم ان سیاسی جماعتوں کو بھرپور جواب دینا چاہتے ہیں، یہ جواب آپ تیر پر ٹھپا لگا کر دے سکتے ہیں۔
سندھ والو! آپ سے اپیل کرتا ہوں، 8 فروری کو تیر پر ٹھپا لگا کر میرے امیدواروں کو منتخب کروائیں، مجھے شکار پور سے سو فیصد سیٹیں چاہییں۔
مجھے یقین ہے کہ مجھے شکارپور کے عوام مایوس نہیں کریں گے، 8 فروری کو ان شا اللہ تیروں کی بارش ہو گی۔