پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے عمران خان کو مصالحتی راستے پر چلنے کی پیشکش کی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہاکہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتا ہوں، عمران خان 3 نمائندوں اور ایک وکیل کو نامزد کریں، ہم بھی اتنے ہی لوگ نامزد کرتے ہیں جو مل کر فریم ورک بنائیں۔
مزید پڑھیں
اکبر ایس بابر نے کہاکہ میں پی ٹی آئی کو وہیں لے کر جانا چاہتا ہوں جو اس کا مقصد تھا، کیونکہ آج پاکستان تحریک انصاف تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی میں جو لوگ بھٹک چکے ہیں انہیں راستے پر لانا ہے اور الزامات کی سیاست کو ختم کرنا ہے۔
بانی رکن نے کہاکہ ہمارے سوشل میڈیا اور سیاست میں جھوٹ بکتا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کو ایک ادارہ بنائیں۔ ہمیں نوجوانوں کو عملی طور پر ایک مثبت عمل مں لے کر جانا ہے۔
اکبر ایس بابر نے کہاکہ اس وقت تحریک انصاف کا شیرازہ بکھر چکا ہے، انٹراپارٹی کے نام پر ناٹک کو موخر کرنا خوش آئند ہے۔ اس وقت ضروری ہے پی ٹی آئی کی ایسی قیادت ہو جو قوم کو بنانے پر توجہ دے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 5 فروری کو ہونے والے انٹرا پارٹی الیکشن موخر کر دیے ہیں۔