تحریک انصاف نے اکبر ایس بابر کی پیشکش کو مضحکہ خیز اور بے معنی قرار دیدیا

جمعہ 2 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اکبر ایس بابر کی پریس کانفرنس کو بےمعنی اور مضحکہ خیز قرار دے دیا۔

بانی رکن پی ٹی آئی اکبر ایس بابر نے عمران خان کو مصالحتی راستے پر چلنے کی پیشکش کی تھی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا تھا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میں پی ٹی آئی پر قبضہ کرنا چاہتا ہوں، عمران خان 3 نمائندوں اور ایک وکیل کو نامزد کریں، ہم بھی اتنے ہی لوگ نامزد کرتے ہیں جو مل کر فریم ورک بنائیں۔

مزید پڑھیں

اکبر ایس بابر کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، ترجمان

ترجمان تحریک انصاف نے کہاکہ اکبر ایس بابر کسی بھی پیشکش سے پہلے قوم کو یہ بتائیں کہ تحریک انصاف 26 ستمبر 2011 کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کی بنیادی رکنیت ختم کرچکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ رکنیت کے خاتمے کے بعد اکبر ایس بابر کا تحریک انصاف سے تو کوئی تعلق نہیں البتہ ان کے ایجنڈے سے تحریک انصاف کا ہر کارکن بخوبی آگاہ ہے۔

ترجمان نے کہاکہ اکبر ایس بابر کے لیے مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ ٹاؤٹ گردی کی راہ ترک کریں اور سیاست میں کچھ کرنا چاہتے ہیں تو الیکشن کمیشن میں اپنی ایک نئی سیاسی جماعت رجسٹرڈ کروا کر سیاست کی اصلاح کا بیڑہ اٹھائیں۔

پی ٹی آئی کا ہر کارکن عمران خان کے نظریے سے وفادار ہے

انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ایک منظم ترین جمہوری جماعت ہے جس میں فیصلہ ساز صرف اور صرف ہمارے کارکن ہیں۔

ترجمان نے کہاکہ تحریک انصاف کا ہر کارکن عمران خان کے نظریے سے پوری طرح وفادار اور جماعت کے نظم اور فیصلہ سازی پر غیرمتزلزل یقین رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ہرکارکن جانتا ہے کہ ٹاؤٹ کسی نظریے یا اصول کےنہیں اپنے آقاؤں کے حکم کے تابع ہوا کرتے ہیں اور سیاست کے لیے یکسر ناموزوں ہوتے ہیں۔

تحریک انصاف میں نقب زنی کی مایوس کن کوششیں جاری ہیں

انہوں نے کہاکہ جس ٹاؤٹ کے ذریعے تحریک انصاف میں نقب زنی کی مایوس کن کوششیں جاری ہیں اس کی پہلے اپنی کوئی سیاسی پہچان تھی نہ آج ہے۔

ترجمان نے مزید کہاکہ تحریک انصاف ملک کی مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں بطور متحد جماعت سیاست و ریاست کی تعمیر کا ایجنڈا آگے بڑھائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp