ہم اقتدار میں آکر پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے، نوازشریف

ہفتہ 3 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم اقتدار میں آکر پاکستان کی روشنیاں واپس لائیں گے۔

گوجرانوالہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاکہ ہماری حکومت بننے کے بعد ملک سے غربت اور بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت کا خاتمہ نہ کیا جاتا تو آج پاکستان ترقی کے سفر میں بہت آگے جا چکا ہوتا اور کوئی بیروزگار نہ ہوتا۔

نواز شریف نے کہاکہ ہمارے دور میں پیٹرول سمیت تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم تھیں، ہمارے دور میں 60 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری آئی۔

انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ جب ہم ملک میں بجلی کے کارخانے لگا رہے تھے تب یہ دھرنے دے رہے تھے۔

نواز شریف نے کہاکہ ہمارے دور میں مہنگائی سب سے کم تھی، اس کے علاوہ اسٹاک ایکسچینج 54 ہزار پر چلی گئی تھی اور ہم نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا۔

شہباز شریف نے بہترین کام کیے جس پر ان کا شکر گزار ہوں

سابق وزیراعظم نے کہاکہ عالمی مالیاتی ادارے نے کہا تھا کہ پاکستان اگر ایسے ہی ترقی کرتا رہا تو پھر اسے ہماری ضرورت نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہاکہ میں جب وزیراعظم تھا تو ملک میں سی پیک آیا، شہباز شریف نے بہترین کام کیے جس پر ان کا شکر گزار ہوں، اصل میں کام سارے انہوں نے کیے ہیں مگر کریڈٹ مجھے دیتے ہیں۔

انہوں نے جسٹس اعجازالاحسن پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ایک جج جس نے مجھے سزا سنائی تھی وہ استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا ہے۔

نواز شریف نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ ہمارے دور میں چھوٹی گاڑیاں 5 سے 10 لاکھ روپے میں آتی تھیں جبکہ ہنڈا 70 موٹرسائیکل 70 ہزار روپے کا تھا۔ اس کے علاوہ ڈالر کی قدر سب سے کم تھی۔

نواز شریف نے عوام سے جو وعدے کیے وہ پورے کریں گے، مریم نواز

اس موقع پر جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف عوام سے جو وعدے کر رہا ہے وہ ضرور پورے ہوں گے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے اگر ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا ہے تو وہ ضرور دے گا۔

مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف کو جب پاکستان سے جانا پڑا تو گوجرانوالہ نے مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیا۔

انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں وائرل بیماری آئی تھی جو سب کا نقصان کر کے چلی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp