پاکستان اور بیلاروس کے درمیان خوشگوار سفارتی تعلقات کے قیام کے 30 سال مکمل ہو گئے ہیں، جس پر دونوں ممالک نے ایک دوسرے کو تہنیتی پیغامات ارسال کیے ہیں اور باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سفارتکاروں اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی علینک کو 30 سال تک خوشگوار تعلقات گزارنے پر دلی مبارکباد دی ہے۔
ہفتہ کے روز اسلام آباد اور منسک میں موجود پاکستان اور بیلا روس کے سفیروں نے اپنے اپنے ممالک کی مبارکباد کے پیغامات پیش کیے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور اعتماد اور تعمیری مکالمے کی بنیاد پر استوار ہیں۔ ان تعلقات کی بنیاد پاکستان اور بیلاروس کے درمیان شراکت داری کے اسلام آباد اعلامیے اور 2015 کے دوستی اور تعاون کے معاہدے پر رکھی گئی تھی۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ تعلقات مسلسل اعلیٰ سطح کے تبادلوں، معاشی، صنعتی اور زرعی شعبوں میں مضبوط تعاون کے ساتھ آگے بڑھتے رہے ہیں۔
بیلا روس کے وزیر خارجہ سرگئی علینک کے نام اپنے پیغام میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے گزشتہ 30 سالوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ خوشگوار تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے بیلاروس کے ساتھ باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کے لیے حکومت پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
باہمی مفاد پر مبنی تعلقات کے مزید آگے بڑھانے کے لیے ثبوت کے طور پر پاکستان اور بیلاروس نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزا سے استثنیٰ کا معاہدہ بھی موجود ہے۔