الیکشن کمیشن آف پاکستان نے شاہ محمود قریشی کو 5 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سائفر کیس میں سزا کی بنیاد پر شاہ محمود کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئندہ 5 سال تک شاہ محمود کسی بھی الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
مزید پڑھیں
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ شاہ محمود کو الیکشن ایکٹ کے آرٹیکل 63 ون کے تحت نااہل قرار دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
سائفر کیس میں سزا کے موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ جس بھونڈے طریقے سے فیصلہ دیا گیا اس کا اندازہ نہیں تھا، یہ معلوم تھا کہ میچ فکس ہے، میں سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ میں ایک تہلکہ خیز بیان دوں گا۔
اڈیالہ جیل کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران شاہ محمود نے کہا تھا کہ سائفر کیس میں قانون کی دھجیاں اڑائی گئیں، ہمیں اپنے دفاع میں وکیل نہیں کرنے دیے گئے جبکہ میرا 342 کا بیان لینے سے پہلے ہی جج نے اپنا فیصلہ سنا دیا۔
اس وقت عمران خان اور شاہ محمود قریشی دونوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ جبکہ بانی پی ٹی آئی کو دیگر کیسز میں بھی سزا سنائی جا چکی ہے۔