کراچی میں موسلادھار بارش، موسم سرد ہو گیا، ملک بھر میں مزید بارشوں، برف باری کی پیشگوئی

ہفتہ 3 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی موسلادھار بارش کے باعث درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگئی ہے۔ جب کہ محکمہ موسمیات میں ملک کے بیشتر علاقوں میں اتوار کو مزید بارشوں اور برف فاری کی پیش گوئی کی ہے۔

نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار، اورنگی ٹاؤن، بحریہ ٹاؤن، صدر، نارتھ ناظم آباد، ٹاور، لیاقت آباد اور ناظم آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے۔

موسلادھار بارش کے بعد نارتھ ناظم آباد اور اس کے مضافاتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور یہ تمام علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

بارش کے باعث کراچی کی گلیوں اور بازاروں میں پانی بھر آیا جس سے پیدل چلنا محال ہو گیا اور گاڑیوں پر سفر کرنا بھی مشکل ہو گیا، موسلا دھار بارش نے ایک بار پھر شہر کے کمزور سیوریج سسٹم کو بے نقاب کردیا ہے۔

ایم اے جناح روڈ اور آئی آئی چندریگر روڈ سمیت بیشتر سڑکوں پر سیوریج کے پانی جمع ہونے  کے باعث مسافروں کو سفر میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

ادھر شہر کے واحد بجلی کی تقسیم کار کمپنی ’کے الیکٹرک‘ نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ برسات کے موسم میں اپنا اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔

پاور یوٹیلٹی نے عوام سے کہا کہ وہ ٹوٹی ہوئی تاروں، ٹی وی اور انٹرنیٹ کیبلز، بجلی کے کھمبوں اور پی ایم ٹیز سے دور رہیں کیونکہ ان سے کرنٹ لگنے کا خطرہ ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں مغربی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث بالائی علاقوں میں اتوار کو بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق بلوچستان، سندھ، پنجاب، پوٹھوہار، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق اس دوران شمال مشرقی اور جنوبی بلوچستان میں کہیں کہیں شدید برفباری کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں 3 اور 4 فروری کو موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ جمعہ کی صبح کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور درمیانی بارش ہوئی۔ بارش سے نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، لیاری، بلدیہ ٹاؤن، گلستان جوہر، لیاقت آباد، صدر، بہادر آباد، طارق روڈ، کورنگی، لانڈھی، ڈی ایچ اے، قیوم آباد، محمود آباد، رنچھوڑ لائن اور ایف بی ایریا میں بھی بارش ہوئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp