متحدہ عرب امارات نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 5 ملین ڈالر مختص کردیے

اتوار 4 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کہا ہے کہ غزہ کی تعمیر نو کے لیے 5 ملین ڈالر کی رقم مختص کی گئی ہے۔

متحدہ عرب امارات کے سرکاری میڈیا کے مطابق متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے غزہ میں فلاحی منصوبوں کے لیے 50 لاکھ ڈالر مہیا کیے جائیں گے۔

امارات الیوم اخبار کے مطابق اقوام متحدہ کی فلسطینی پناہ گزین ایجنسی (انروا) چیف کوآرڈینیٹر سیگرڈ کاگ کی غزہ میں تعمیر نو کی کوششوں کو سراہتے ہوئے فلاحی منصوبے میں متحدہ عرب امارات کی جانب سے 50 لاکھ ڈالر کا تعاون کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ پٹی کے لیے جو انسانی بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے امارات اس کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ غزہ پٹی کے مصیبت زدگان کی مشکلات میں کمی ہوسکے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں اب تک 27 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 65 ہزار سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق اسرائیلی حملوں کے باعث غزہ ناقابلِ رہائش ہو چکا ہے اور غزہ کی 80 فیصد سے زائد آبادی نقل مکانی کر چکی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp