محکمہ موسمیات کے ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
مزید پڑھیں
ماہرین کا کہنا ہے کہ انتخابات کے دن کسی بھی جگہ شدید بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم 7 فروری کو انتخابات کے ایک روز قبل سندھ اور بلوچستان کے مغربی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ اتوار تک پنجاب اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں ہلکی اور درمیانے درجے کی بارش کے بعد بارش کا یہ سلسلہ 24 گھنٹوں کے اندر ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے پیش گوئی کی کہ انتخابات کے دن ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔
سردار سرفراز نے کراچی میں اتوار تک جاری رہنے والی موسلا دھار بارش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں موسلادھار بارش کا سامنا کرنے والے علاقوں میں نارتھ کراچی، سپر ہائی وے، بفر زون، ناگن چورنگی، سعدی ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، گلشن اقبال، نیو ایم اے جناح روڈ، ناظم آباد، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر، شاہ فیصل اسکیم 33 اور دیگر علاقے شامل ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کے وسطی اور شمالی علاقوں میں بادل چھائے رہے جہاں وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ بارشوں کا سلسلہ 7 فروری کو شام تک وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، 40 سال بعد فروری میں شہر میں اتنی بارش ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں موسلا دھار بارش کی وجہ سے کئی علاقوں کو گھنٹوں بجلی کی بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ جبکہ بارش کا پانی بند لائنوں سے بہنے والے گندے پانی کے ساتھ مل کر کراچی شہر میں لوگوں کے گھروں اور اسپتالوں میں داخل ہو گیاتھا۔