قومی حکومت بننے کی صورت میں پیپلزپارٹی ہی سب کو ساتھ لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتی ہے، بلاول بھٹو

پیر 5 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ قومی حکومت بننے کی صورت میں پاکستان پیپلزپارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چل سکتی ہے۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہاکہ اگر نواز شریف کو حکومت ملتی ہے تو وہ اپنے مخالفین سے حساب لیں گے جبکہ تحریک انصاف نے بھی ایسا ہی کرنا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے کہاکہ پیپلزپارٹی وہ اونٹ ہے کہ ہم جس طرف بیٹھیں گے اسی کی حکومت بنے گی۔ ملک جس سیاسی تقسیم کا شکار ہے اس کا خاتمہ ہونا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کے ساتھ ہمارا بات چیت کا تجربہ اتنا اچھا نہیں رہا، عمران خان تو کہتا تھا میں ان چوروں سے بات نہیں کرتا۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملکی مفاد کو ذاتی مفاد پر مقدم رکھا ہے، اتحادی حکومت میں بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان کی نمائندگی کی اور کامیابیاں حاصل کیں۔

اتحادی حکومت میں ہم معاشی چیلنجز پر قابو نہیں پا سکے

انہوں نے کہاکہ ہم اتحادی حکومت میں معاشی چیلنجز سمیت دیگر مسائل پر قابو نہیں پا سکے جس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری مخالف سیاسی جماعتوں کی نیت ٹھیک نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نوجوانوں کے 70 سالہ لیڈر اور چوتھی یا پانچویں بار وزیرعظم بننے والے شخص کا مقابلہ کر رہا ہوں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کو پنجاب سے نکالنے کے لیے سازشیں کی گئیں اور ہمارے خلاف منظم طریقے سے دھاندلی کی گئی اور یہ تاثر دیا گیا کہ اس جماعت کا یہاں پر وجود ہی نہیں۔

ہم حکومت میں آکر اشرافیہ کی سبسڈی ختم کریں گے

انہوں نے کہاکہ ہم حکومت میں آکر اشرافیہ کی سبسڈی ختم کرکے یہ رقم غریب عوام پر خرچ کریں گے اور اس کے حوالے سے ہم نے منصوبہ بندی کی ہوئی ہے۔

اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہاکہ پیپلزپارٹی پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ ہم اقتدار میں آکر پورے ملک میں 30 لاکھ گھر بنائیں گے جو کوئی مشکل کام نہیں کیونکہ ہم صرف صوبہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp