نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔ محسن نقوی کو 3 سال کے لیے چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی کے لیے الیکشن آج نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے دوران ہوا۔ الیکشن میں مصطفیٰ رمدے اور محسن نقوی مد مقابل تھے، تاہم مصطفیٰ رمدے نے بھی محسن نقوی کے حق میں ووٹ دیا۔
Syed Mohsin Raza Naqvi elected as PCB's Chairman
Details here⤵️https://t.co/DMh9WvFixN
— PCB Media (@TheRealPCBMedia) February 6, 2024
اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر پی سی بی شاہ خاور نے کہا کہ محسن نقوی بلا مقابلہ پی سی بی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز 11 ارکان پر مشتمل ہے۔
شاہ خاور نے کہا کہ بہت عرصہ گزر گیا تھا اور چیئرمین کا الیکشن نہیں ہو رہا تھا مگر آج پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے الیکشن مکمل ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے آج سے ہی چارج سنبھال لیا ہے، آج پاکستان کی کرکٹ کا بڑا اہم دن ہے، محسن نقوی کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔
مزید پڑھیں
محسن نقوی نے کہا کہ کرکٹ میں بہتری کے لیے دن رات محنت کی جائے گی، کرکٹ کے میدان میں میرٹ پر فیصلے ہوں گے۔ نو منتخب چیئرمین نے اپنے انتخاب کے بعد بورڈ کا ایک اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔
واضح رہے کہ محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37ویں چیئرمین ہیں۔ محسن نقوی کو ذکا اشرف کی جگہ بورڈ آف گورنرز میں بطور پیٹرنز نمائندہ نامزد کیا گیا تھا۔ ذکا اشرف کے مستعفی ہونے کے بعد پی سی بی کے آئین کے تحت پی سی بی کی باگ ڈور الیکشن کمشنر شاہ خاور کے ہاتھ میں آگئی تھی۔
یہ بھی یاد رہے کہ عام انتخابات کے بعد اقتدار نئی منتخب حکومت کو منتقل ہونے تک محسن نقوی نگراں وزیراعلیٰ کی ذمہ داریاں بھی انجام دیتے رہیں گے۔