بنوں سے تعلق رکھنے والے نجیب الرحمن گزشتہ 25 برسوں سے کینیڈا میں مقیم ہیں۔ موجودہ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے خبریں سنیں تو وہ بھی ووٹ دینے پاکستان پہنچ گئے۔
نجیب الرحمٰن کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد پاکستانی انتخابات میں حصہ لینا چاہتی ہے لیکن آن لائن ووٹنگ کی سہولت نہ ہونے کے سبب ایسے بیشتر افراد انتخابات 2024 میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہری شہریت کے سبب وہ کینیڈا کے انتخابات میں بھی شریک ہوتے ہیں اور اگر ان میں سے کوئی ملک یا شہر سے باہر ہو تو اسے بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت میسر ہوتی ہے۔
کینیڈا کی زندگی دیکھنے کے بعد نجیب الرحمٰن سمیت بیشتر اوورسیز پاکستانیوں کا دل ملک کے حالات کو دیکھ کر کڑھتا ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں بیرون ملک رہتے ہوئے بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان سمیت دیگر 90 لاکھ پاکستانی اپنے وطن کے بہتر مستقبل کا فیصلہ کر سکیں۔