چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے انتخابات 2024 کے دن ریٹرننگ افسران اور پریزائیڈنگ افسران کو فارم 45 کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اپنے پیغام میں کہا کہ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 پر خود اور پولنگ ایجنٹس سے دستخط کروا کر پولنگ اسٹیشنز کے باہر آویزاں کریں گے۔
سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ فارم 45 انتہائی محفوظ طریقے سے ریٹرننگ افسران کے حوالے کیا جائے گا، فارم 45 سے متعلق ہدایات پر عمل نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔
ریٹرننگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور سینیئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری
الیکشن کمیشن نے ریٹرننگ افسران، پریذائیڈنگ افسران اور سینیئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فارم 45 مکمل احتیاط سے تیار کیا جائے تاکہ کسی غلطی کا احتمال نہ ہو۔
#ECP pic.twitter.com/49GbEFx5qx
— Election Commission of Pakistan (OFFICIAL)🇵🇰 (@ECP_Pakistan) February 7, 2024
الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پریذائیڈنگ افسران اور سینیئر اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران فارم 45 پر اپنے شناختی کارڈ والے دستخط کریں، اس کے علاوہ پولنگ ایجنٹوں سے فارم 45 پر مختص مقررہ جگہ پر دستخط حاصل کریں، گر ایجنٹ کی جانب سے دستخط سے انکار کیا جائے یا گنتی ختم ہونے سے قبل چلا جائے تو پریذائیڈنگ افسر فارم پر مختصر وجہ تحریر کرے۔
ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہدایات میں کہا ہے کہ فارم 45 میں کسی بھی تبدیلی یا ردوبدل کی صورت میں متعلقہ پریذائیڈنگ افسر ذمہ دار ہوگا۔
فارم 45 کے ساتھ دیگر کون سے فارم الیکشن کے عمل میں استعمال ہوتے ہیں؟ فارم 45 کیا ہے؟
فارم 45، فارم 46، فارم 47، فارم 48 اور فارم 49 وہ فارمز ہیں جو الیکشن نتائج مرتب کرنے کے نظام سے متعلق ہیں۔
فارم 45
فارم 45 کو عام طور پر ’رزلٹ آف دی کاؤنٹ‘ کہا جاتا ہے، اس فارم میں پولنگ اسٹیشن کا نمبر، حلقے کا نام، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد، ڈالے گئے ووٹوں کی کل تعداد اور ہر امیدوار کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل شامل ہوتی ہے، امیدوار پولنگ اسٹیشن سے فارم 45 کے ذریعے اپنے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد خود گن سکتے ہیں۔
فارم 46
فارم 46 میں پولنگ اسٹیشن میں موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد، بیلٹ باکسز سے نکالے گئے بیلٹ پیپرز کی تعداد، چیلنج کیے گئے غلط اور منسوخ شدہ بیلٹ پیپرز کی تعداد سے متعلق تمام معلومات موجود ہوتی ہیں، اس کے علاوہ فارم 46 میں غیر قانونی نتائج کے بارے میں بھی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
فارم 47
فارم 47 میں انتخابی حلقے کے غیر مصدقہ نتائج کے بارے میں معلومات شامل ہوتی ہیں، اس کے علاوہ اس فارم میں ڈالے گئے اور منسوخ کیے گئے ووٹوں کی تعداد کا بھی ذکر ہوتا ہے۔
فارم 48
الیکشن نتائج کی تیاری کے لیے فارم 48 سب سے اہم فارم ہے کیونکہ اس میں ایک حلقے میں ہر امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد شامل ہوتی ہے۔
فارم 49
فارم 49 جسے پاکستان کے گزٹ میں شامل کیا گیا ہے اسے حتمی اور سرکاری نتیجے کا فارم بھی کہا جاتا ہے، فارم 49 میں امیدواروں کے نام، ان سے وابستہ سیاسی جماعتوں کے نام اور انتخابی حلقے میں حاصل کردہ ووٹ کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔