پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں عام انتخابات سے ایک روز قبل 2 دھماکے ہوئے ہیں جس کے نتیجے میں 29 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ جبکہ 40 سے زیادہ زخمی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع پشین میں ہونے والے دھماکے میں 17 افراد بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہوئے جبکہ قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 10 زخمی ہو گئے۔
بلوچستان میں ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں حلقہ پی بی 47 سے امیدوار صوبائی اسمبلی اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکا ہوا ہے۔ پولیس نے خانوزئی میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے جب کہ ہلاکتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
مزید پڑھیں
قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے ہیں۔ تاحال دھماکے کی نوعیت معلوم نہیں ہوسکی۔ نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی کے مطابق جے یو آئی کے رہنما مولانا واسع دھماکے میں محفوظ رہے۔
پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکا سیاسی جماعت کے دفتر کے باہر ہوا ہے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔
دھماکا سابق وزیر اسفند یار کاکڑ کے دفتر کے باہر ہوا ہے لیکن وہ دفتر میں موجود نہیں تھے۔ دھماکے کے وقت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ سابق وزیر اسفند یار خٹک عام انتخابات میں آزاد حیثیت میں حصہ لے رہے ہیں۔
امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا: نگراں وزیراعظم
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت عام انتخابات کے پُرامن انعقاد کے لیے پُرعزم ہے اور امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔
نگراں وزیراعظم نے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی شدید مذمت اور دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت بھی کیا۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک: ڈاکٹر حبیب، ایم ایس ڈی ایچ کیو خانوزئی
ایم ایس ڈی ایچ کیو اسپتال خانوزئی ڈاکٹر حبیب نے وی نیوز کو بتایا ہے کہ دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور 30 سے زیادہ زخمی ہیں۔ جبکہ زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ ڈاکٹر حبیب کے مطابق زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ ٹراما سینٹر منتقل کیا جارہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کمیشن نے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی) بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کی ہیں۔
چیف سیکریٹری بلوچستان اور آئی بلوچستان کو واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
نگراں وزیر داخلہ بلوچستان نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی
نگراں وزیرداخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے حلقہ پی بی47 میں انتخابی دفتر کے باہر ہونے والے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر داخلہ نے واقعہ میں قیمتی انسانوں جانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا۔ دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اتحاد اور اتفاق سے دشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہو گا۔
دھماکے کے باوجود کل الیکشن ہوں گے: نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان
نگراں وزیراطلاعات جان اچکزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ خانوزئی میں افسوسناک واقعہ ہوا، یہ خودکش دھماکا نہیں تھا، دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔
جان اچکزئی نے کہا کہ یہ دھماکا کوشش ہے کہ بلوچستان میں الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کیا جائے لیکن یہ ایک ناکام کوشش ہے، کل الیکشن ہوں گے اور پرامن ہوں گے، عوام نکلیں گے اور دہشت گردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس افسوسناک واقعے کے بعد بھی اپنی ذمہ داری جاری رکھیں گے، اگر ضرورت پڑی تو شدید زخمیوں کو وزیراعلیٰ کے طیارے میں علاج کے لیے دوسرے شہروں میں منتقل کریں گے۔
عارف علوی کی بلوچستان میں دھماکوں کی مذمت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے ان کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔ عارف علوی نے شہدا کے درجات کی بلندی اور ورثا کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی بلوچستان دھماکوں کی شدید مذمت
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے نقصان پر متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی، افسوس اور زخمی ہونے والوں سے ہمدردی اور جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گرد پاکستانی قوم کو خوف زدہ کر سکتے ہیں اور نہ ہی ان کے عزم کو کمزور کرسکتے ہیں۔ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں، پاکستان کے دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی مغفرت او لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔