جمعیت علما اسلام کے سینیئر رہنما حافظ حمداللہ کی گاڑی پر چمن میں فائرنگ ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ حافظ حمداللہ چمن سے کوئٹہ جا رہے تھے جہاں میزائی اڈا پر ان کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے تاہم وہ محفوظ رہے۔
مزید پڑھیں
واضح رہے کہ حافظ حمداللہ کو اس سے قبل بھی دہشتگردوں کی جانب سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے تھے۔
دوسری جانب آج ہی بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی امیدواراسمبلی کے دفتر کے باہر دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی یاد رہے کہ عام انتخابات کا شیڈول جاری ہوتے ہی سیکیورٹی اداروں کی جانب سے مولانا فضل الرحمان سمیت اہم سیاسی رہنماؤں کو تھریٹ الرٹ جاری کیے گئے تھے۔
بعد ازاں ڈیرہ اسماعیل خان میں الیکشن مہم کے دوران مولانا فضل الرحمان کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ہم سیکیورٹی خدشات کے باعث الیکشن مہم نہیں چلا پا رہے، ایسی صورت میں انتخابات اگر کچھ وقت لیے موخر بھی ہو جائیں تو کوئی مضائقہ نہیں۔