بلوچستان ہائیکورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری معطل کر دیے

جمعہ 10 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان ہائیکورٹ میں انصاف لائرز فورم کے رہنما اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری کے خلاف درخواست جمع کرائی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ بجلی روڈ تھانے میں مقدمہ درج نہیں ہو سکتا کیونکہ جس الزام پر مقدمہ درج ہوا وہ بجلی روڈ تھانےکی حدود ہی نہیں بنتی۔

درخواست گزار نے عمران خان کے خلاف درج ایف آئی آر اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔

بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس ظہیر الدین نے درخواست پر مختصر سماعت کی اور چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری دو ہفتوں کے لیے معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کردیے۔

پی ٹی آئی وکلا سید اقبال شاہ اور شمس رند نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ’قانون کو بالائے طاق رکھ کے رانا ثناءاللہ کے کہنے پر مقدمات درج ہو رہے ہیں۔ امید ہے کہ یہ مقدمہ بھی ختم ہو جائے گا۔

عمران خان کے خلاف مقدمے کا پس منظر

یاد رہے کہ رواں ماہ 6 مارچ کو عمران خان کے خلاف کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانے میں شہری عبدالخلیل کاکڑ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ایف آئی آر الیکٹرانک کرائمز کی روک تھام سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے ریاستی اداروں کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے اور افسران کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کر کے نفرت پھیلائی۔

واضح رہےکہ کوئٹہ کی عدالت نے گزشتہ روز اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کے کیس میں عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جن کی تعمیل کے لیے کوئٹہ پولیس آج لاہور پہنچی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp