انتخابات 2024: جیلوں میں ووٹنگ کا عمل مکمل، قیدیوں نے ووٹ کیسے ڈالا؟

بدھ 7 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملک بھر میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے پولنگ کل 8 فروری کو ہوگی، جس کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

عام انتخابات کے لیے پولنگ سے قبل جہاں الیکشن ڈیوٹی دینے والے سرکاری ملازمین نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا وہیں ملک کی مختلف جیلوں میں قید افراد نے بھی اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار قیدیوں کو ووٹ دینے کی سہولت مل رہی ہے، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کراچی

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل کراچی حماد حسین چانڈیو نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار جیل کے اندر انتخابی عمل کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ہم نے جیل سے لکھا تھا کہ کتنے لوگ ووٹ کا حق استعمال کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے سہولت فراہم کی گئی اور اس ذمہ داری کو ہم نے پورا کیا۔

کراچی سینٹرل جیل کے 137 قیدیوں نے حق رائے دہی استعمال کیا

’کراچی سینٹرل جیل میں 145 قیدیوں نے ووٹ دینے کی خواہش کا اظہار کیا تھا جن میں سے کچھ پر اعتراض آنے کے بعد 137 قیدی اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکے‘۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کا کہنا تھا کہ پوسٹل بیلیٹنگ کا طریقہ عام ووٹننگ سے مختلف ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سینٹرل جیل کراچی میں چاروں صوبوں سے قیدی موجود ہیں، ہماری پوری کوشش رہی کہ اس انتخابی عمل کو شفاف بنایا جائے، ہمارا کام الیکشن کمیشن کی ہدایت پر اس عمل کو مکمل کرنا تھا۔

انہوں نے کہاکہ کس نے کس کو ووٹ ڈالا اس کا ہمیں کوئی علم نہیں، نتیجہ ہمیں بھیجا جائے گا یا الیکشن کمیشن خود اعلان کرتا ہے اس سے جیل حکام کو آگاہ نہیں کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp